اگر آپ کو رات سونے میں دشواری کا سامنا رہتا ہے تو آپ اکیلے نہیں۔

دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ اسی پریشانی سے گزرتے ہیں۔ یہاں ہم آپ کو ماہرین کی رائے پر مبنی ایسی تجاویز دے رہے ہیں جن سے آپ پرسکون انداز میں سو سکیں گے۔

نیم گرم پانی سے نہالیں

سونے سے قبل نیم گرم پانی سے نہانا ایسی صورت میں بھی سودمند ثابت ہوسکتا ہے جب آپ کو شاید صفائی کے غرض سے نہانے کی حاجت نہ بھی ہو۔ نہانے کے بعد آپ کے جسم کا درجہ حرارت کم ہوجاتا ہے اور تحقیق کے مطابق درجہ حرارت کم ہونے سے نیند جیسی کیفیت طاری ہوسکتی ہے۔

اس وقت تک بستر کو نہ دیکھیں جب تک نیند نہ آئے

ماہرین کے مطابق زیادہ نیند حاصل کرنے کے لیے جلد بستر کا رخ کرنا اچھا نہیں ہوگا۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ آٹھ گھنٹے کی نیند نو یا دس گھنٹے کی نیند سے زیادہ بہتر ہوتی ہے۔

موزے پہن لیں

صرف نہانہ وہ واحد نسخہ نہیں جو آپ پر نیند طاری کر دے۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موزے پہننے سے آپ کی خون کی رگیں پھیل جاتی ہیں اور خون کا بہاؤ بہتر ہوجاتا ہے جس کے باعث سونے میں مدد مل سکتی ہے۔

گہری سانسیں لیں

جب نیند نہیں آتی تو ہم اکثر مختلف انداز میں لیٹ کر سونے کی کوشش کرتے ہیں تاہم یہ مشق زیادہ فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔ہاں البتہ مناسب انداز میں سانس لینے سے آپ کی مشکل ختم ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق چار سیکنڈ تک سانس کھینچیں پھر اسے سات سیکنڈ تک روکیں اور پھر اسے آٹھ سیکنڈ تک منہ کے ذریعے باہر نکالیں۔ آپ کا جسم اس مشق سے پرسکون ہوجائے گا اور سونے میں مدد ملے گی۔

بستر سے باہر نکلیں

بستر پر لیٹ کر نیند نہ آنے پر پریشان ہونے کا کوئی فائدہ نہیں۔ جیسے ہی اس پریشانی کی کیفیت طاری ہونے لگے فوراً بستر سے نکلیں اور کسی دوسرے کمرے میں خود کو تب تک مصروف کرلیں جب تک نیند نہ آنے لگے۔ ماہرین کے مطابق اپنے دماغ کو کسی ایسی سرگرمی میں مصروف کر لیں جیسے کہ پزلز سلجھانا، چائے پینا، کپڑے طے کرنا یا کوئی بھی ایسی مصروفیت جو آپ کو پرسکون کردے۔ پھر جب نیند آنے لگے تو بستر کا رخ کریں۔

گھڑی چھپا دیں

گھڑی کو گھورنا بند کریں! اس سے صرف آپ کی دشواری میں مزید اضافہ ہوگا۔ ماہرین کے مطابق جب آپ لگاتار وقت دیکھیں گے تو آپ خود کو مزید ذہنی دباؤ کو شکار بنا دیں گے۔ اگر آپ کو صبح وقت پر اٹھنے کے لیے الارم کی ضرورت ہے تو اسے بھی دراز یا تکیے کے نیچے رکھ دیں تاکہ اس پر آپ کی نظر نہ پڑے۔

پریشانی لکھ لیں

اگر دن بھر کی مصروفیات کے حوالے سے کچھ خیالات آپ کو پریشان کررہے ہیں تو بہتر یہ ہوگا کہ آپ انہیں لکھ لیں۔ اس سے آپ کو سکون حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق جب آپ دن بھر کے پریشان کن خیالات کے بارے میں سوچ رہے ہوتے ہیں تو اس سے آپ کی نیند متاثر ہوتی ہے۔ تاہم انہیں لکھنے اور دوسرے دن کی 'ٹو ڈو لسٹ' بنانے سے آپ کا دماغ سے بوجھ کم ہوجائے گا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Riasast Sep 24, 2019 09:52am
nmaz per kar dekehn jald neeed aa jae gi