میں خیریت سے ہوں، ڈاکٹر عبدالقدیر کا موت کی خبروں پر ویڈیو پیغام

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو محسن پاکستان بھی کہا جاتا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو محسن پاکستان بھی کہا جاتا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان کو جوہری طاقت بنانے والے معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے انتقال کی خبروں پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں خیریت سے ہوں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹرعبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ کچھ احسان فراموش، ملک دشمن عناصر خبریں چلا رہے کہ میں بیمار ہوں اور میرا انتقال ہوگیا ہے لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر عبدالقدیر کی نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف درخواست کی ان کیمرا سماعت منظور

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے میں خیریت سے ہوں اور اگر ایسی کوئی بات ہوئی تو اس کا اعلان میرے گھر سے کیا جائے گا۔

معروف سائنسدان نے کہا کہ 'قوم بے فکر رہے اور دعاؤں میں یاد رکھے، اللہ آپ کو اور مجھے اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ان افواہیں پھیلانے والے احسان فراموشوں کا منہ سیاہ کریں'۔

خیال رہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس طرح کی خبریں زیرگردش تھیں کہ معروف سائنسدان کا انتقال ہوگیا، جس پر آج خود ڈاکٹر عبدالقدیر نے وضاحتی بیان دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف ایٹمی دھماکوں کے حق میں نہیں تھے، ڈاکٹر عبدالقدیر

یاد رہے کہ 27 اپریل 1936 کو جنم لینے والے پاکستان کے نامور سائنسدان، نیوکلیئر فزکسٹ اور میٹلرجیکل انجینئر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ’محسنِ پاکستان‘ کہا جاتا ہے ۔ انہوں نے اپنی ان تھک محنت اور بے لوث جذبے سے قلیل مدت میں یورینیم افزودگی کا وہ کارنامہ سرانجام دیا جو بظاہر ناممکن نظر آتا تھا۔

پاکستان کے لیے بے لوث خدمات پر انہیں 1993 میں جامعہ کراچی نے ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی سند سے بھی نوازا تھا جبکہ 14 اگست 1996 میں اس وقت کے صدر پاکستان فاروق لغاری نے انہیں نشان امتیاز دیا تھا۔

اس سے قبل 1989 میں وہ ہلال امتیاز کا تمغہ بھی حاصل کرچکے ہیں تاہم ان کو اس سب کے باوجود مشرف دور حکومت میں نظر بندی کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں