کراچی، راولپنڈی ڈینگی سے بری طرح متاثر

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2019
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار مفت اضافی بیڈ لگادیے گئے ہیں —فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار مفت اضافی بیڈ لگادیے گئے ہیں —فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے 11 ہزار 783 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سندھ میں رپورٹ ہونے والے 95 فیصد کیسز کا تعلق کراچی سے جبکہ پنجاب میں 84 فیصد ڈینگی کے کیسز راولپنڈی میں رپورٹ ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ان اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دونوں علاقے ڈینگی کی آماج گاہ بن گئے ہیں اور فیومیگیشن کے ذریعے مچھروں اور ان کے انڈوں کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں رواں سال کے دوران ڈینگی کیسز کی تعداد 9 ہزار تک جاپہنچی

معاون خصوصی نے بتایا کہ ڈینگی کے 2 ہزار 827 کیسز پنجاب، 2 ہزار 474 کیسز سندھ، 2 ہزار 260 کیسز خیبر پختونخوا، 2 ہزار 46 کیسز اسلام آباد اور ایک ہزار 780 کیسز بلوچستان میں سامنے آئے اس کے علاوہ کچھ کیسز آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ماضی میں اس سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اس لیے سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اس پر پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں بلکہ کچھ ممالک میں اس طرح کے لاکھوں کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولی کلینک ہسپتال میں ڈینگی کا خصوصی شعبہ برائے بیرونی مریض (او پی ڈی) رات 8 بجے سے 12 بجے تک کھلا رہے گا جبکہ جنرل ہسپتال میں صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک کھلا رہے گا جس کے لیے مختلف ڈاکٹروں اور عملے کو تعینات کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار مفت اضافی بیڈ لگادیے گئے ہیں تاہم انہیں ابھی تک استعمال نہیں کیا گیا، اس کے ساتھ دوائیوں کی بھی اطمینان بخش مقدار موجود ہے جبکہ مفت تشخیص کی سہولیات بھی موجود ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈینگی کنٹرول اور آپریشنل سیل 24 گھنٹے کام کررہا ہے جس سے ان نمبروں پر رابطہ کیا جاسکتا ہے جو 051-9216890 اور 051-9212601 ہیں۔

مشیر صحت کا مزید کہنا تھا انہوں نے وفاقی دارالحکومت کے تمام ہسپتالوں کا دورہ کیا اور ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں انسداد ڈینگی اسپرے یقینی بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 12 سو کیسز

دوسری جانب پولی کلینک کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شریف استوری نے کہا تھا کہ اب تک 577 مریض ڈینگی سے متاثر ہوئے جبکہ ہسپتال میں 87 افراد کو داخل کیا گیا۔


یہ خبر 25 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں