کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیوی اہلکار قتل

اپ ڈیٹ 26 ستمبر 2019
پولیس کے مطابق مشتبہ ملزمان گھر سے کچھ بھی ساتھ لے کر نہیں گئے—فوٹو: اے ایف پی
پولیس کے مطابق مشتبہ ملزمان گھر سے کچھ بھی ساتھ لے کر نہیں گئے—فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نیوی اہلکار کو قتل کردیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ مقتول عبدالاشفاق کو گرین ٹاؤن میں تقریباً 3 بج کر 45 منٹ پر گھر پر نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈیفنس میں فائرنگ سے نجی چینل کا اینکر پرسن قتل

ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے متوفی کے اہلخانہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دو مسلح شخص گھر میں آئے اور عبدالاشفاق پر فائرنگ کردی۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول نیوی اہلکار کے پیٹ میں گولی لگی تاہم انہیں پی این ایس شفا منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

اس ضمن میں ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ مشتبہ ملزمان گھر سے کچھ بھی ساتھ لے کر نہیں گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے گواہ نہیں ملے جو اس امر کی تصدیق کر سکیں کہ قاتلوں اور مقتول کے مابین کوئی تلخ کلامی ہوئی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

پولیس کے مطابق وہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کررہے ہیں تاکہ قاتلوں کا سراغ لگایا جاسکے۔

علاوہ ازیں بتایا گیا کہ مقتول پی این ایس عظمت میں بطور ماسٹر چیف پیٹی افسر تعینات تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات پیش آئے تھے۔

اگست کے اواخر میں گلشن اقبال میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک ڈاکٹر کو قتل کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار 2 مسلح افراد نے 58 سالہ ڈاکٹر حیدر عسکری کو کے ڈی اے مارکیٹ، بلاک 3 میں ڈسکو بیکری کے قریب نشانہ بنایا تھا۔

مزیدپڑھیں: کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ، ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق

اس سے قبل گلستان جوہر کے علاقے میں 4 مسلح افراد نے گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکٹر عائشہ پر فائرنگ کردی تھی جس پر ان کی موت واقع ہوئی تھی۔

ڈاکٹرعائشہ بیرون ملک سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں