کاروباری اصلاحات کرنے والے 20 بڑے ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2019
کاروبار کے ذریعے ملک میں 6 
 — شعبہ جات میں بہتری آئی ہے
رائٹرز/ فائل فوٹو
کاروبار کے ذریعے ملک میں 6 — شعبہ جات میں بہتری آئی ہے رائٹرز/ فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمی بینک نے ’ 2020 میں کاروبار ‘ میں اصلاحات کرنے والے 20 بڑے ممالک کی فہرست جاری کردی جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک نے اس حوالے سے جاری کردہ فہرست میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ کاروبار کے ذریعے ملک میں 6 شعبہ جات میں بہتری آئی ہے۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان نے کاروبار کے آغاز میں، تعمیراتی کاموں کے پرمٹ جاری کرنے، بجلی کی فراہمی، جائیداد کی ملکیت، ٹیکس ادائیگی اور سرحد پار تجارت میں بہتری کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ اقدامات ملک کی ترقی میں پُرعزم اصلاحات کی حکمت عملی کے عکاس ہیں جس میں نیشنل سیکریٹریٹ اور وزیراعظم اصلاحاتی اسٹیرئنگ کمیٹی کا قیام شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ’کاروبار میں آسانی کیلئے اصلاحات کی منصوبہ بندی مکمل‘

ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آن لائن ون اسٹاپ شاپ پر دستیاب مراحل میں توسیع کرتے ہوئے کاروبار کے آغاز میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔

علاوہ ازیں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منظوری کے مراحل کو آسان بنانے اور ون اسٹاپ شاپس کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کی وجہ سے جائیداد کی ملکیت اور تعمیراتی پرمٹ کے حصول میں بہتری آئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی کمرشل کنیکشنز کے لیے آن لائن پورٹل کے آغاز سے بجلی کے حصول میں آسانی ہوئی ہے اور ٹیرف تبدیلیوں کا بھی پیشگی اعلان کیا جاتا ہے۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں آن لائن ادائیگی کا نظام متعارف کروانے سے ٹیکس حصول میں آسانی پیدا ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا کہ پاکستان نے الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے مختلف ایجنسیوں کو ایک جگہ یکجا کرکے سرحد پار تجارت میں آسانیاں پیدا کیں اور بندرگاہ پر مشترکہ معائنے میں تعاون کو بہتر بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ہم کاروبار، سرمایہ کاری کو تحفظ دینا چاہتے ہیں، وزیراعظم

پاکستان میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو ایلن گوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ 6 اصلاحات کے ذریعے، پاکستان عالمی طور پر کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے والے 20 بڑے ممالک میں شامل ہوگیا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ رینکنگنز 24 اکتوبر کو جاری کی جائیں گی، ہم وفاقی، سندھ اور پنجاب حکومت کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔

خیال رہے کہ عالمی بینک کی فہرست میں براعظم ایشیا کے 5 ممالک شامل ہیں جن میں پاکستان، چین، بنگلہ دیش، بھارتت اور میانمار شامل ہیں۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ معیشتوں کو اصلاحات کی تعداد اور کاروبار میں آسانی کے اسکور کی بنیاد پر منتخب کیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں