پاکستان میں 5 سال کے دوران سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ

شائع September 30, 2019 اپ ڈیٹ September 30, 2019 04:13pm
عجائب گھروں کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا —فائل فوٹو: ماہا قاسم
عجائب گھروں کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا —فائل فوٹو: ماہا قاسم

اسلام آباد: پاکستان کے ثقافتی اور سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ 5 برسوں میں 315 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں پنجاب میں سب سے زیادہ 95 فیصد سیاحوں کی آمد ہوئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گیلپ پاکستان کی تحقیق کے مطابق ’پاکستان میں ثقافتی ورثے اور عجائب گھروں کے دورے‘ نامی رپورٹ میں اس بات کی جانب اشارہ کیا گیا کہ سیاحت ملک کی معیشت کی بہتری میں ایک ممکنہ گیم چینجر ثابت ہوسکتی ہے۔

مذکورہ رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سیاحتی اور ثقافتی مقامات پر سیاحوں کی آمد میں 2014 سے اضافہ ہوا اور یہ تعداد 16 لاکھ سے 317 فیصد بڑھ کر 2018 میں 66 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی سیر پر مجبور کردینے والی خوبصورت تصاویر

اس میں سب سے زیادہ 95 فیصد سیاح ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں آئے جبکہ ان برسوں میں خیبرپختونخوا اور سندھ میں سیاحوں کی تعداد بڑھتی اور گھٹتی رہی۔

اسی طرح عجائب گھروں کا دورہ کرنے والے سیاحوں کی تعداد میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہوا اور 2014 میں تعداد 17 لاکھ افراد سے بڑھ کر 2018 میں 27 لاکھ ہوگئی۔

اسی طرح پاکستان میں ثقافتی مقامات اور عجائب گھروں میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں بھی دوگنا سے زائد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 5 برس میں میوزیم آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 130 فیصد جبکہ غیر ملکی سیاحوں کے دورے میں 100 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے تاریخی خزانے کی سیر اب گوگل پر

غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں یہ اضافہ چاروں صوبوں میں دیکھا گیا تاہم خیبر پختونخوا اس حوالے سے سرِفہرست رہا جہاں 2018 میں عجائب گھروں کے دوروں میں 250 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کا شاہی قلعہ سیاحوں میں سب سے مقبول ثقافتی مقام رہا، جس کے بعد سال 2016 اور 2018 میں شالیمار گارڈن سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا مقام تھا جبکہ 2017 میں سیاحوں نے سب سے زیادہ شیخوپورہ کے ہرن مینار کی سیر کی۔

دوسری جانب غیر ملکی سیاحوں میں 2016 اور 2017 میں لاہور میوزیم سب سے زیادہ مقبول رہا تاہم 2018 میں ٹیکسلا میوزیم وہ مقام تھا جہاں سب سے زیادہ سیاح سیر کے لیے گئے۔

کارٹون

کارٹون : 24 اپریل 2026
کارٹون : 23 اپریل 2026