بچوں کے دوستوں اور ان کے خاندان سے متعلق معلومات رکھنا انتہائی اہم ہے—فوٹو: انمسول ڈاٹ کام
بچوں کے دوستوں اور ان کے خاندان سے متعلق معلومات رکھنا انتہائی اہم ہے—فوٹو: انمسول ڈاٹ کام

اس سلسلہ وار مضمون کی پہلی قسط میں والدین کو بچوں کی شخصیت سے واقفیت پر زور اور اس کے لیے چند بنیادی ٹولز، دوسری قسط میں بچے کی آن لائن دنیا کو جاننے کی اہمیت اور چند بنیادی ٹولز کا ذکر کیا گیا تھا۔ اس قسط میں بچوں کی کمپنی یا دوستوں سے واقفیت اور اس کے لیے چند اہم ٹولز کا تذکرہ کرکے یہ سمجھانے کی کوشش کی جائے گی کہ والدین کس طرح اس حوالے سے اپنے بچوں پر نظر رکھ سکتے ہیں۔

پہلی قسط پڑھیں

دوسری قسط پڑھیں

پچھلی قسطوں کی طرح اس بار بھی ایک کہانی سے آغاز کرتے ہیں۔

لڑکپن سے نوجوانی کی طرف بڑھتے لڑکے نے اعتماد سے اپنے ایک دوست کو کہا 'چلیں بھائی پیزا کھلاتا ہوں آج آپ کو'

دوست نے جب اس سے پوچھا کہ تم پیسے کیسے دو گے؟ تو اس کا جواب حیران کن تھا۔

نوجوانی کی حدود میں داخل ہوتے بچے نے اپنے دوست کو کہا کہ 'پیسوں کا کیا مسئلہ ہے، فون پر پیزا ڈلیوری کا کہیں گے، موبائل مارکیٹ کا ایڈریس دیں گے، پھر جب وہ آ جائے گا تو ایک اور دوست کے ساتھ جا کر گن پوائنٹ پر اس سے پیزا چھین لیں گے اور موبائل بطور 'بونس' مل جائے گا،'

نوجوانی کی طرف بڑھتے بچوں کی دوستیوں پر نظر رکھنے کی خاص ضرورت ہے—فوٹو: گریٹس ڈے
نوجوانی کی طرف بڑھتے بچوں کی دوستیوں پر نظر رکھنے کی خاص ضرورت ہے—فوٹو: گریٹس ڈے

وہ لڑکا ایک مخصوص طرح کی مسکراہٹ کے ساتھ یہ سب باتیں اپنے دوست کو بتا رہا تھا اور سننے والے کے چہرے کے تاثرات سے پتہ چلتا تھا کہ جیسے اسے اپنے دوست کی باتوں پر یقین ہی نہ آرہا ہو۔

یہ کوئی کہانی نہیں بلکہ ایک سچا واقعہ ہے جو ہمیشہ سے مشہور اس بات کی تائید کرتا ہے کہ 'بڑے ہوتے بچوں پر والدین سے زیادہ ان کی کمپنی یا دوستوں کا اثر (Peer Pressure) ہوتا ہے۔

جیسے بچوں کے دوست ہوں گے بہت زیادہ امکان ہے ویسے ہی ان کی شخصیت بنتی چلی جائے گی، بچوں میں تشدد، جرائم اور برے رجحانات ان کی کمپنی سے منتقل ہوتے ہیں اور اس کی قیمت والدین کو ادا کرنی پڑتی ہے۔

یہ بات مختلف تحقیقات سے ثابت ہوچکی ہے کہ بڑھتی عمر میں بچہ اپنی کمپنی کے'اسٹینڈرڈز' کو پورا کرنے اور اپنا 'منفرد' ہونا ثابت کرنے کے لیے کوئی بھی غیر قانونی اور غیر اخلاقی ایکٹویٹی کر سکتا ہے۔

اس'بھاری' قیمت سے بچنے کا واحد راستہ 'تعلق میٹر' کی سوئی کو ہمیشہ بہتری کی جانب رکھنا ہے، تعلق میٹر کی اس کٹیگری میں والدین کو چند کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں خود کو اور اپنے بچوں کو مستقبل میں پیش آنے والے جانی و مالی نقصانات اور معاشرے میں بدنامی سے بچا سکیں۔

پہلا سوال : کیا آپ بچے کے تمام دوستوں کو جانتے ہیں اور وقتاً فوقتاً انہیں گھر مدعو کرتے رہتے ہیں؟

اس کا جواب تین طرح سے ہو سکتا ہے۔

1۔ ہاں

اگر ہاں میں جواب ہے تو پھر کرنے کا کام یہ ہے کہ بچے یا بچی کے دوستوں کے متعلق جتنا جان سکتے ہوں جاننے کی کوشش کریں، ان کی بول چال، حلیے اور حرکات سے ان کی شخصیت سے متعلق بنیادی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

2۔ نہیں

اگر آپ بچے کے دوستوں کے بارے میں نہیں جانتے تو یقین مانیے 'تعلق میٹر' کی سوئی خطرے کی طرف جارہی ہے، آپ نہیں جانتے کہ برے اثرات والی کمپنی آپ کے بچے میں 'کس کس طرح' کے برے رجحانات، شعوری یا غیر شعوری انداز میں، منتقل کر رہی ہے۔

3۔ جانتے ہیں لیکن بلاتے نہیں

جاننا ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ بچوں کی کمپنی سے رابطے میں رہنا بھی اہم ہے تاکہ بڑھتے بچوں کی تبدیلیوں، ٹرینڈز اور ممکنہ منصوبوں کو بھانپ سکیں لیکن یہ سب دوستانہ انداز میں ہو تاکہ بچے کی 'کمپنی' ہوشیار نہ ہوسکے۔

دوسرا سوال: بچہ دوستوں کے ساتھ کس طرح کے مشاغل میں مصروف رہتا ہے؟

آپ کے بچے اور اس کے دوستوں کے مشاغل، ان کی خواہشات اور دلچسپیاں جاننے کے لیے بہت اہم ہے، بچے اور کمپنی کے مشاغل کو نمبر وار نوٹ کرتے جائیں اور جہاں محسوس ہو کہ یہ مشاغل اور سرگرمیاں سرخ لکیر اور پراسراریت کی طرف جا رہی ہیں تو فوراَ مداخلت کریں۔

تیسرا سوال: دوستوں کے خاندانوں کا پس منظر جانتے ہیں؟

اگر اس سوال کا جواب 'ہاں' میں ہے تو سمجھیں تعلق میٹر کی سوئی محفوظ زون میں ہے اور اس کا جواب اگر 'ناں' میں ہے تو پھر یہ سوئی خطرے کے زون میں ہے۔

ہر انسان اپنے خاندان یا فیملی کا آئینہ ہوتا ہے، سائیکولوجی کے مطابق انسان جن عناصر سے، سب سے زیادہ اثر اپنی زندگی اور شخصیت میں قبول کرتا ہے ان میں سے سب سے اہم اس کی فیملی ہے، دوستوں کی فیملی سے واقفیت، والدین کو ان کی شخصیات سے متعلق جاننے میں بہت معاون ثابت ہو گی۔

چوتھا سوال: کیا آنے جانے کا کوئی شیڈول طے ہے؟

ہر کام اور چیز کی طرح دوستوں سے ملاقات کا شیڈول طے کر نا بھی تعلق میٹر میں بہتری لانے کے لیے ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئیڈیل والدین کی 7 عادات

دوستوں سے وقت بہ وقت ملاقات بیشر اوقات مسائل کا سبب بنتی ہے کیونکہ والدین ہر وقت موجود نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ مستقل بچوں کی سرگرمی پر نظر رکھ سکتے ہیں، دوستوں سے میل ملاپ کی شیڈولنگ سے ایک تو بچوں کے لیے ممکنہ مسائل میں پڑنے کے خطرات کم ہوتے ہیں، دوسرا والدین کے لیے بھی آسان ہے کہ وہ اپنے تعلق کو بچوں کے ساتھ مضبوط اور گہرا رکھ سکیں۔

پانچواں سوال: دوستوں کے ساتھ کی گئی سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر بچہ آپ سے شئیر کرتا ہے یا آپ خود معلوم کرتے ہیں؟

کیا آپ کا بیٹا یا بیٹی اپنے دوستوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ہچکچاتے ہیں یا اس موضوع پر بات ہی نہیں کرتے؟

اگر ایسا ہے تو خبردار ہو جائیں کہ تعلق میٹر نے خطرے کی بیپ بجانی شروع کر دی ہے، بچوں سے مسلسل، دوستانہ اور بے تکلف کمیونیکیشن سے تعلق گہرا اور خوشگوار ہوتا ہے۔

دوستوں کی کمپنی سے متعلق کمیونیکیشن تو سب سے اہم ہیں کیونکہ دوستوں کا حد سے زیادہ اثر (اگر برا ہے) ہونے کا مطلب ہے بچہ والدین سے کٹ کر اپنی 'کمپنی' کے مطابق زندگی گزارنے کی طرف بڑھ رہا ہے، دوستانہ انداز اور دلچسپ طریقوں سے بچوں کو اپنے دوستوں کے ساتھ کی گئی سرگرمیاں شئیر کرنے پر آمادہ کریں تاکہ آپ کا تعلق، تعلق رہے غیر متعلق نہ ہو جائے۔

درج بالا ٹولز کےاستعمال سے نہ صرف آپ تمام ممکنہ خطرات کو بروقت پہچان سکیں گے بلکہ ان کا شروعات میں ہی خاتمہ بھی کر سکیں گے۔


فرحان ظفر 10 سال سے لکھنے لکھانے سے وابستہ ہیں۔

اپلائیڈ سائیکالوجی میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلوما ہولڈر ہیں، ساتھ ہی آرگنائزیشن کنسلٹنسی، پرسنل اور پیرنٹس کونسلنگ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

ان کے ساتھ [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔


ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دیئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (4) بند ہیں

Mrs Shah Sep 30, 2019 04:58pm
خوب۔۔۔۔۔۔اس عمر میں بچوں سے زیادہ دوستانہ انداز میں ڈیل کرنا چاہیے۔۔۔۔امید ہے اس سیریز کو مکمل کیا جائے گا۔
Noor Sep 30, 2019 07:05pm
Quite interesting.....and informative
Farhan zafar Oct 01, 2019 02:41am
@Mrs Shah جی بالکل، یہی کوشش ہے بقایا قسطیں جلد مکمل ہو جائیں
Farhan zafar Oct 01, 2019 02:41am
@Noor تھینکس نور