انگریزی، اردو نظام تعلیم سے مدارس کو الگ کرنا ناانصافی ہے، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2019
عمران خان نے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے —فائل فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان نے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے —فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انگریزی اور اردو تعلیمی نظام سے مدارس کو علیحدہ کرنا ناانصافی ہے جس کے باعث دینی مدارس کے بچے تمام علوم کی آگاہی سے محروم رہے اور وہ معاشی، معاشرتی اور شعوری اعتبار سے اوپر نہیں آسکے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انگریزوں نے برصغیر میں مدارس کے بہترین نظام کو طبقاتی تعلیم میں توڑ دیا۔

مزیدپڑھیں: مدارس کو قومی دھارے میں لانا اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

انہوں نے کہا کہ نبی پاک ﷺ نے سب سے زیادہ زور تعلیم کے حصول پر دیا اور تعلیم کی بدولت ہی 700 برس تک دنیا کے سب سے بڑے سائنسدانوں کی فہرست میں مسلمان سر فہرست تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’جب تعلیم ختم ہوئی تو مسلمان تنزلی کا شکار ہوگئے اور آج ہمارے ملک میں 3 طرح کے مختلف نصاب چل رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تعلیم سے کوئی بھی قوم انسانیت کی جانب جاتی ہے اور یہ دین دنیا میں آنے کا مقصد بتاتا ہے‘۔

’الجریزہ ٹی وی جیسا چینل متعارف کرائیں گے‘

وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر دہرایا کہ ترکی، ملائیشیا اور پاکستان نے الجریزہ جیسا ٹی وی چینل متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا تاکہ دنیا بھر میں اسلام کی صحیح تعلیمات کا پرچار کیا جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت کردیا جائے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ ’مذکورہ چینلز پر فلمیں بھی نشر کی جائیں گی جن میں مسلمان ہیروز کی داستانیں ہوں گی‘۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ ہماری نوجوان نسل موجودہ دور کے فلمی ہیروز کو جانتی اور پہچانتی ہے لیکن تاریخ کے باوقار سپہ سالاروں کے بارے میں لاعلم ہیں۔

’اقبالیت کو نصاف کا حصہ بنائیں‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’شاعر مشرق علامہ اقبال نے مغربی تعلیمات کا مقابلہ کیا اور برصغیر کے اہل علم لوگوں کو اپنی جانب راغب کیا‘۔

عمران خان نے بتایا کہ ’علامہ اقبال نے تمام مغربی فلسفوں اور اسلام کی تاریخ کا مطالعہ کیا اور دور حاضر کی سماجی، اخلاقی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی خرابیوں پر کھل کر تبصرہ کیا‘۔

مزیدپڑھیں: مدارس کا طلبہ کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار

اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کو ’نیشنل کریکولم کونسل‘ کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا ’نظریہ اقبال کو نصاب کا حصہ بنائیں تاکہ وہ تمام معاشروں کے بارے میں بہتر آگاہی کے حامل ہوں اور اپنی کمزوریوں اور صلاحیت کا ادرک رکھتے ہوں‘۔

’یکساں نظام تعلیم کیلئے نیشنل کریکولم کونسل کا قیام‘

وزیراعظم سے قبل وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نظام تعلیم میں تقسیم کو ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں اور ان کی مشاورت شامل کی جائے گی۔

شفقت محمود نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم کے لیے نیشنل کریکولم کونسل بنائی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں