قومی اسمبلی کا اجلاس اب عوام بھی دیکھ سکیں گے

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2019
اس گیلری میں عوام کا داخلہ گیٹ نمبر 5 سے ہوگا 
— فوٹو: اسد قیصر ٹوئٹر
اس گیلری میں عوام کا داخلہ گیٹ نمبر 5 سے ہوگا — فوٹو: اسد قیصر ٹوئٹر

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عام آدمی کو اجلاس کی کارروائی تک رسائی دینے کے لیے قومی اسمبلی میں گیلری اور استقبالیے کا افتتاح کردیا۔

عام آدمی کے گیلری پاس نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل افراد کو جاری کیے جائیں گے، عام آدمی گیلری پاس ناقابلِ انتقال ہوں گے۔

قومی اسمبلی کی عام آدمی گیلری میں کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نادرا کی تصدیق کے ذریعے چیک کیا جائے گا اور عوام کا داخلہ گیٹ نمبر 5 سے ہوگا۔

علاوہ ازیں کسی بھی قسم کا قانون توڑنے پر متعلقہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیں: نتھیا گلی میں گورنر، وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت 4 ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھول دیے گئے

ساتھ ہی مہمانوں کو گیلریوں میں موبائل فون، ٹیپ ریکارڈ، ریکارڈنگ کے دیگر آلات، اسلحہ، چھتریاں، کیمرے، چھڑیاں، دستی ہینڈ بیگ، اٹیچی کیس اور کتابیں وغیرہ لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علاوہ ازیں گیلریوں میں تمباکو نوشی، تالیاں بجانا، نعرے بازی کرنا اور عام آدمی گیلری کے علاوہ کسی دیگر مقامات پر جانا منع ہوگا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کی عام آدمی گیلری میں مکمل کوائف کی عدم فراہمی کی صورت میں پاس کے اجرا کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے سندھ اور پنجاب کے گورنر ہاؤس عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ گورنر ہاؤس عوام کی سیر و تفریح کیلئے کھول دیا گیا

بعدازاں گزشتہ برس دسمبر میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوان صدر کو بھی عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا، جو حکومت کے سرکاری عمارتوں تک عوام کی رسائی کے منصوبے کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں رواں برس اگست میں صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے نتھیا گلی میں قائم گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس سمیت اپنے 4 ریسٹ ہاؤسز عوام کی بکنگ اور رہائش کے لیے کھول دیئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں