'صفر کے چاند کا غلط اعلان'، رویت ہلال کمیٹی قوم سے معافی مانگے، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2019
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی نے صفر کے چاند کا غلط اعلان کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے دعویٰ کیا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی نے صفر کے چاند کا غلط اعلان کیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی پر صفر کے چاند کا غلط اعلان کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کمیٹی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر خالی آنکھ سے چاند دیکھنا ضروری ہے تو رویت ہلال کمیٹی سے بزرگوں کو نکال کرنوجوانوں کو بھرتی کیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عقل اور علم ہی آپ کو لے جاسکتی ہے اور 80 کی دہائی سے ہم نے بہت بڑی تعداد میں ایسے لوگ پیدا کیے ہیں جن کا عقل و شعور سے کوئی تعلق نہیں اور وہ ہمیں پسماندگی کی جانب لے جانا چاہتے ہیں اور ایک مرتبہ پھر انہوں نے عوام کے ساتھ غلط کیا ہے'۔

مزید پڑھیں: چاند کی رویت سے متعلق سرکاری ویب سائٹ لانچ

انہوں نے اعلان کیا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی جہلم میں جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا بائیو ٹیکنالوجی پارک بنارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کمبسشن انجن نہیں بنا سکا تھا جس کی وجہ سے وہ انجینیئرنگ میں پیچھے رہ گیا تھا اور اگر اب ہم بیٹریاں نہیں بناسکتے تو ہم مزید 30 سال پیچھے رہ جائیں گے جس کی وجہ سے ہم نے بیٹری ریسرچ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ مستقبل میں بیٹریوں کا استعمال ہے'۔

وفاقی وزیر نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ملک اور عوام سے کوئی مطلب نہیں، اب کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ ابو کو پلی بارگین کے بغیر رہا کیا جائے جو کبھی نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: چاند میں گم ہونے والا بھارتی خلائی مشن اس تصویر میں کہیں موجود ہے

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے شطرنج کے کھیل میں مولانافضل الرحمٰن کو پیادے کے طور پر استعمال کیا جارہے ہیں۔

انہوں نے نواز شریف اور آصف زرداری پر آزادی مارچ کے لیے فنڈ فراہم کرنے کا الزام بھی لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن دھرنے کو وقتی طور پر منسوخ کرنے کی کوشش کریں گے تاہم بہتر ہے کہ وہ 27 ہی کو رکھیں پھر ہم دیکھیں گے آگے کس طرح سے معاملات چلنے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں