'بریڈ پٹ سے طلاق کے بعد بکھر گئی تھی'

اپ ڈیٹ 16 دسمبر 2019
دونوں نے 2016 میں اپنا 12 سالہ تعلق ختم کردیا — فوٹو/ اسکرین شاٹ
دونوں نے 2016 میں اپنا 12 سالہ تعلق ختم کردیا — فوٹو/ اسکرین شاٹ

ہولی وڈ اداکار بریڈ پٹ اور اینجلینا جولی کی جوڑی اس حد تک کامیاب مانی جاتی تھی کہ مداحوں نے ان کی جوڑی کو 'برینجلینا' کا نام دے دیا تھا۔

اینجلینا اور بریڈ کا افیئر 2005 میں شروع ہوا، اس دوران وہ فلم 'مسٹر اینڈ مسز' کی شوٹنگ کررہے تھے، اس وقت بریڈ پٹ شادی شدہ بھی تھے، ان کی اہلیہ ہولی وڈ اداکارہ جینفر انسٹن تھیں۔

اینجلینا جولی پر اس سال یہ الزام بھی لگایا گیا تھا کہ ان کی وجہ سے بریڈ پٹ اور جینفر انسٹن کی شادی شدہ زندگی خراب ہوئی، البتہ اینجلینا نے ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: بریڈ پٹ بچوں کے ساتھ بُرا سلوک کرنے کے الزام سے بری

تاہم اس کے اگلے سال ہی اینجلینا نے اعلان کیا تھا کہ وہ اور بریڈ پٹ کے درمیان تعلقات قائم ہیں اور وہ جلد ماں بھی بننے والی ہیں۔

2012 میں ان دونوں نے منگنی کی جبکہ 2014 میں ان کی شادی ہوئی، ان کے 6 بچے بھی ہیں، جن میں سے تین کو انہوں نے گود لیا۔

تاہم 2016 میں ان کے درمیان علیحدگی ہوگئی جبکہ 2017 میں طلاق کے ساتھ ان کا 12 سالہ تعلق ختم ہوگیا جس کی وجہ اینجلینا جولی کا بریڈ پٹ پر منشیات کے استعمال اور بچوں پر تشدد کے الزامات تھے۔

ان کی طلاق کے متعلق کئی خبریں میڈیا پر سامنے آئیں لیکن دونوں اداکاروں نے اس حوالے سے کھل کر بات کرنے سے گریز کیا۔

لیکن اب اداکارہ اینجلینا جولی اپنی طلاق کے حوالے سے متعدد انٹرویوز کے دوران کھل کر بات کررہی ہیں۔

اینجلینا جولی اس وقت اپنی فلم 'میلیفسنٹ 2' کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اس ہی حوالے سے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بریڈ پٹ سے اپنی طلاق پر بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: اینجلینا اور بریڈ میں علیحدگی کیوں ہوئی؟

اینجلینا جولی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بریڈ پٹ سے ہوئے بریک اپ نے ان کی شخصیت کو بالکل تبدیل کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میں قسمت کے بارے میں نہیں جانتی، لیکن اتنا ضرور کہہ سکتی ہوں کہ میں اب واپس خود کو حاصل کررہی ہوں، کیوں کہ میں کھو چکی تھی، اس طلاق نے مجھے بکھیر دیا تھا'۔

اینجلینا کے مطابق 'میرا رشتہ بریڈ سے ختم ہوچکا تھا، جب ہم الگ ہوئے تو میں خود کو پہچان ہی نہیں پا رہی تھی، میں بہت زیادہ ٹوٹ چکی تھی، لیکن میں نے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا'۔

البتہ اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ان کے بکھر جانے کی وجہ صرف بریڈ پٹ سے طلاق نہیں تھی بلکہ وہ اپنی صحت سے متعلق بھی کافی مسائل سے دوچار تھیں۔

چند روز قبل بریڈ پٹ نے بھی نیو یارک ٹائمز کو دیے ایک انٹرویو کے دوران انکشاف کیا تھا کہ اینجلینا سے طلاق کے بعد وہ منشیات کی عادت کو ختم کرنے کی کوشش میں لگے رہے۔

حال ہی میں یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں تھی کہ بریڈ پٹ کے 'سکھ روحانی پیشوا خاتون' کے ساتھ تعلقات استوار ہورہے ہیں، البتہ اداکار نے خود اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں