روسی دوشیزہ کو 6 ماہ قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
روسی دوشیزہ کو 6 ماہ قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کی عدالت نے نوجوان غیر ملکی لڑکی کو وزٹ ویزا پر آکر جسم فروشی و شراب نوشی کرنے کے الزام میں قید اور ملک بدر کرنے کا حکم دے دیا۔

دبئی کے اخبار ’خلیج ٹائمز‘ کے مطابق بر دبئی پولیس اسٹیشن نے رواں برس جون میں کارروائی کرتے ہوئے روسی دوشیزہ کو جسم فروشی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔

رپورٹ کےمطابق پولیس نے معمول کی پیٹرولنگ کے دوران ایک فلیٹ پر چھاپہ مارا جہاں خاتون کو 2 نامحرم مرد حضرات کے ساتھ نشے کی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد ابتدائی طور پر 27 سالہ روسی دوشیزہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں 2 ترک افراد نے نشہ پلاکر ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا، تاہم بعد ازاں خاتون نے اپنا بیان بدل دیا تھا۔

پولیس کے مطابق روسی خاتون نے نشہ اترنے کے بعد اعتراف کیا تھا کہ وہ وزٹ ویزا پر رواں برس مئی میں دبئی آئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد انہوں نے جسم فروشی کا کام شروع کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کی ترک نژاد افراد سے نائٹ کلب میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں انہوں نے مل کر شراب نوشی کی جس کے بعد ترک نژاد شخص نے انہیں فلیٹ پر چل کر پوری رات پارٹی کرنے کی دعوت دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلیٹ پر روسی نژاد خاتون اور 2 ترک افراد کو نشے کی حالت میں گرفتار کیا گیا اور گرفتار کیے گئے مرد حضرات میں جنسی بیماری بھی پائی گئی۔

گرفتاری کے بعد پولیس نے خاتون اور مرد حضرات کو الگ الگ رکھ کر تفتیش کی اور تینوں کے خلاف بغیر اجازت شراب نوشی کرنے جیسے الزامات بھی لگائے گئے۔

روسی نژاد خاتون کے خلاف مدعا عالیہ نے عدالت کو بتایا کہ گرفتار لڑکی جسم فروشی کے عوض ایک ہزار سے 3 ہزار درہم تک کی رقم وصول کرتی رہی ہیں اور انہوں نے کچھ ہی عرصے میں اپنے اہل خانہ کو 8 ہزار درہم بھی بھجوائے تھے۔

عدالت میں خاتون پر الزام ثابت ہونے پر انہیں 6 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا اور عدالت نے خاتون کی سزا مکمل ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کرنے کا حکم بھی دیا۔

تبصرے (0) بند ہیں