‘عمران خان 500 افراد کو جیل بھیجنے کا ہدف پورا کرچکے ہیں’

08 اکتوبر 2019
مریم اورنگ زیب نے حکومت پر تنقید کی—فائل/فوٹو:اے پی
مریم اورنگ زیب نے حکومت پر تنقید کی—فائل/فوٹو:اے پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے چین میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے صرف ایک سال میں 6 لاکھ سے زائد لوگوں کو غربت میں دھکیل دیا ہے اور 500 افراد کو جیل بھیجنے کا ہدف بھی مکمل کرچکے ہیں۔

‎مریم اورنگ زیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘عمران صاحب! صرف ایک سال میں آپ نے ملکی ترقی کی شرح آدھی، کاروبار، صنعت اور روزگار بند کردیا، 6 لاکھ سے زائد لوگوں کو غربت میں دھکیل دیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘‎عمران خان نے صرف ایک سال میں ملکی ترقی کی شرح آدھی کردی اور تمام منصوبوں کو روک کر 20 لاکھ سے زائد لوگوں کو بے روزگار کر دیا’۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ ‎’عمران صاحب! آج آپ نے جتنے منصوبوں کو عینک لگا کر پڑھا وہ نواز شریف کے لگائے اور مکمل کیے ہوئے ہیں، پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اس خطے، پاکستان کے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کے لیے نوازشریف کا تحفہ ہے’۔

مزید پڑھیں:کاش چینی صدر کی تقلید میں 500 بدعنوان افراد کو جیل بھیج سکتا، وزیراعظم

‎انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملکی ترقی کی شرح 5 اعشاریہ8 فیصد تک پہنچادی تھی، 11 ہزار میگا واٹ بجلی، 12 ہزار کلومیٹر سڑکیں اور موٹرویز تعمیر کر کے عوام کو غربت سے نکال رہے تھے لیکن وزیراعظم عمران خان کے حواس پر واشنگٹن ارینا ہو یا چین ہرجگہ اپوزیشن سوار ہے۔

کرپٹ افراد کو جیل بھیجنے کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ ‎'عمران خان امریکا، چین، سعودی عرب، ترکی یا برطانیہ جائیں تو ایک ہی بیانیہ ہے سب کو جیلوں میں ڈال دو لیکن فکر نہ کریں پچھلے ایک سال میں آپ 500 افراد کو جیل بھجوا کر یہ ہدف مکمل کر چکے ہیں’۔

‎مریم اورنگ زیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران دوسرے ملک میں بیٹھ کر اپنی قوم کو چور کہتے ہیں، ایسے میں کون سا ملک یہاں منصوبے شروع کرے گا یا پھر اعتبار کرے گا جبکہ ایک سال میں ملک میں سب کو چور اور ڈاکو بنا کر ملکی صنعت، ترقی اور کاروبار کو تباہ کر دیا ہے۔

‎وزیرعظم کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے ترقی اور صنعت کے ذریعے ملک اور عوام کو غربت سے نکالا، یہ وہی چین کے صدر ہیں جن کے دورے کو روکنے کے لیے آپ دھرنا دیے بیٹھے رہے، آج سی پیک کی تعریفیں کرتے ہوئے دھرنے کی تقریریں کیوں بھول گئے۔

یہ بھی پڑھیں:صدر مملکت نے ’سی پیک اتھارٹی‘ کے آرڈیننس پر دستخط کردیے

انہوں نے کہا کہ ‎بیرون ملک کرپشن کی بات کریں تو پشاور میٹرو کے ایک کھرب کا بھی ذکر کیا کریں۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین میں بیجنگ میں عالمی تجارت کے فروغ کے لیے قائم چائنا کونسل میں پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کاش وہ چینی صدر شی جن پنگ کی مثال پر عمل کرسکتے اور پاکستان میں 500 کرپٹ افراد کو جیل میں ڈال دیتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے ایک وقت میں پاکستان سے سیکھا تھا لیکن اب وقت ہے کہ پاکستان، چین سے سیکھے، ذاتی طور پر مجھے جس چیز نے چین سے متاثر کیا وہ 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالنا تھا، یہ انسانی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں