جب ہولی وڈ کے دو بڑے اداکار شہزادی ڈیانا کیلئے ایک دوسرے سے لڑ پڑے

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2019
ایلٹن جان نے اپنی سوانح عمر میں شہزادی ڈیانا سے متعلق کئی انکشافات کیے — فوٹو/ اسکرین شاٹ
ایلٹن جان نے اپنی سوانح عمر میں شہزادی ڈیانا سے متعلق کئی انکشافات کیے — فوٹو/ اسکرین شاٹ

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کو اس دنیا سے گزرے ہوئے دو دہائیاں گزر چکی ہیں، تاہم آج بھی وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

شہزادی ڈیانا کی زندگی کے ایسے گوشے مسلسل سامنے آتے رہتے ہیں، جن کا علم بہت کم افراد کو ہوتا ہے۔

ایسے ہی ایک واقعے کا ذکر نامور برطانوی گلوکار اور لکھاری ایلٹن جان نے اپنی سوانح عمری میں کیا جو جلد ریلیز کردی جائے گی۔

مزید پڑھیں: شہزادی ڈیانا نے اپنی موت کی پیشگوئی کی

ایلٹن جان نے اپنی آٹوبایوگرافی میں کئی سال پرانے ایک ایسے واقعے کا ذکر کیا جب ہولی وڈ کے دو کامیاب اداکار شہزادی ڈیانا کے لیے ایک دوسرے سے لڑ پڑے تھے۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 72 سالہ ایلٹن جان نے اپنی سوانح عمر پر مبنی کتاب میں لکھا کہ انہوں نے کئی سال قبل ایک تقریب منعقد کی تھی، جس میں ہولی وڈ کے دو کامیاب اداکار رچرڈ گیئر اور سیلویسٹر اسٹالون بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر ایلٹن جان کی قریبی دوست شہزادی ڈیانا بھی اس تقریب کا حصہ بنیں۔

گلوکار کے مطابق یہ وہ وقت تھا جب شہزادی ڈیانا اپنے شوہر شہزادہ چارلس سے الگ ہوچکی تھیں اور ایسا محسوس ہورہا تھا کہ وہ اور اداکار رچرڈ گیئر ایک دوسرے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

ایلٹن جان نے لکھا کہ رچرڈ گیئر کا بھی ماڈل سنڈی کروفورڈ سے بریک اپ ہوچکا تھا۔

گلوکار نے مزید بتایا کہ اس موقع پر ہم سب ایک ساتھ تقریب میں موجود تھے، تاہم ایونٹ کا ماحول اس وقت کچھ تبدیل ہوتا نظر آیا جب سیلویسٹر اسٹالون کو شہزادی ڈیانا اور رچرڈ گیئر کی بڑھتی دوستی پسند نہیں آئی۔

انہوں نے لکھا کہ 'میرا خیال تھا کہ سیلویسٹر اسٹالون اس تقریب میں یہی ارادہ لے کر آئے تھے کہ وہ شہزادی ڈیانا کو دوستی کی پیشکش کریں گے، تاہم جب انہوں نے رچرڈ گیئر کو شہزادی کے ساتھ دیکھا تو ان کی شام خراب ہوگئی'۔

ایلٹن جان کے مطابق 'جس وقت کھانا پیش کیا جارہا تھا، یہ دونوں اداکار کہیں نظر نہیں آرہے تھے، بعدازاں فلم ساز ڈیوڈ فرنش نے بتایا کہ یہ دونوں شہزادی ڈیانا کو لے کر مکے بازی کا مقابلہ کررہے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: 'شہزادی ڈیانا اپنے محبوب کے ساتھ پاکستان منتقل ہونا چاہتی تھیں'

بعدازاں ڈیانا تقریب میں رچرڈ گیئر کے ہمراہ ہی نظر آئیں البتہ سیلویسٹر اسٹالون تقریب چھوڑ کر اپنے گھر روانہ ہوگئے۔

اس واقعے کے دوران شہزادی ڈیانا بالکل مطمئن نظر آئیں، اس کی ایک وجہ شاید یہ تھی کہ وہ جانتی ہی نہیں تھی کہ ان دونوں اداکاروں کے درمیان ان کی وجہ سے جھگڑا ہوا، یا پھر یہ کہ شہزادی ڈیانا اس طرح صورتحال کی عادی ہوچکی تھیں۔

ایلٹن جان نے اپنی سوانح عمر میں یہ بھی تحریر کیا کہ وہ اور شہزادی ڈیانا ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست تھے۔

تاہم ایک کتاب کے باعث ان دونوں کی دوستی ختم ہوگئی۔

گلوکار کے مطابق 'ایک روز مجھے لندن میں موجود اپنی دوست کی جانب سے بھیجا ہوا خط ملا، جس میں لکھا تھا کہ اس خبر کو سن کر بےحد افسوس ہوا، اس وقت میں نہیں جانتا تھا کہ یہ کس حوالے سے لکھا گیا ہے، بعدازاں جب ٹی وی دیکھا تو پتا چلا کہ ڈیانا اس دنیا سے رخصت ہوچکی تھیں'۔

یاد رہے کہ ڈیانا 31 اگست 1997, میں پیرس انڈر بائی پاس میں ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئی تھی۔

ایلٹن جان کی سوانح عمر رواں ماہ 15 تاریخ کو ریلیز ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں