اب اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کالز کمپیوٹر سے کرنا ممکن

09 اکتوبر 2019
فی الحال یہ فیچر انسائیڈر صارفین کے لیے ہے — فوٹو بشکریہ مائیکروسافٹ
فی الحال یہ فیچر انسائیڈر صارفین کے لیے ہے — فوٹو بشکریہ مائیکروسافٹ

مائیکرو سافٹ نے آخرکار ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے کمپیوٹر صارفین کے لیے فون کالنگ سپورٹ کو متعارف کرا دیا ہے۔

مائیکروسافٹ کی جانب اسے ونڈوز 10 انسائیڈر پریویو (بیٹا پروگرام) جاری کیا گیا ہے جس میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر میں اپنے اسمارٹ فون کی کال موصول یا کسی دوست کو کال ملانا ممکن ہے۔

بس اس کے لیے ضروری ہے کہ اسمارٹ فون کم از کم اینڈرائیڈ 7.0 نوگیٹ یا اس کے بعد کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتا ہو، مائیکروسافٹ کی یور فون موبائل ایپ اس میں انسٹال ہو جبکہ کمپیوٹر میں بلیوٹوتھ سپورٹ ہو۔

اور ہاں ونڈوز 10 بلڈ 18362.256 بھی ہونا ضروری ہے۔

اس کے بعد کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ڈیسک ٹاپ میں ان ایپ ڈائلر اور کانٹیکٹ لسٹ موجود ہوگی اور آپ اپنے کمپیوٹر پر حالیہ کال ہسٹری کو بھی دیکھ سکیں گے، جبکہ اگر آپ کال سننا نہیں چاہتے تو ڈیسک ٹاپ سے ایس ایم یا یا وائس میل بھی بھیج سکیں گے۔

فی الحال یہ فیچر پریویو انسائیڈرز کے لیے دستیاب ہے اور عام صارفین تک اس کی رسائی میں کچھ ہفتے یا مہینے لگ سکتے ہیں۔

مائیکروسافٹ کا اس حوالے سے اپنے بیان میں کہنا تھا 'اب آپ کو اپنی ذاتی یا دفتری کالز کے لیے اینڈرائیڈ فون کو جیب سے نکالنے کی ضرورت نہیں، اب آپ اپنے کمپیوٹر کے ذریعے بھی ان کو موصول کرسکتے ہیں، کمپیوٹر کے اسپیکر، مائیکرو فون اور بڑی اسکرین پر زیادہ بہتر کالنگ تجربے کا مزہ لیں'۔

مائیکرو سافٹ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے یہ ایپ رواں سال مئی میں متعارف کرائی تھی جس کی مدد سے وہ اپنے فونز سے فائلیں کمپیوٹر میں منتقل کرسکتے ہیں جبکہ فون کے نوٹیفکیشن بھی کمپیوٹر پر دیکھنا ممکن ہے اور میسجز کے جوابات بھی دیئے جاسکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں