روزانہ بادام کھانے کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

09 اکتوبر 2019
یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

بادام ایسا میوہ ہے جو اکثر افراد کو پسند ہوتا ہے جو نہ صرف لذیذ بلکہ صحت بخش بھی ہوتا ہے۔

اس میں متعدد وٹامنز اور ایسے اجزا ہوتے ہیں جو جسم کو صحت مند اور شخصیت کو خوبصورت بناتے ہیں۔

مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ اسے روزانہ کھانے سے وہ فائدہ ہوتا ہے جس کے لیے لاکھوں بلکہ کروڑوں افراد لاکھوں روپے خرچ کردیتے ہیں؟

درحقیقت بادام کو روزانہ کھانا ممکنہ طور پر چہرے پر جھریوں کو زیادہ نمایاں ہونے سے روکنے میں مدد دے سکتا ہے۔

یہ اپنی طرز کی پہلی تحقیق ہے جس میں بادام کے جلد پر مرتب ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی (یو سی) کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ کچھ مقدار میں بادام کھانے کی عادت درمیانی عمر کی خواتین کے چہرے پر جھریوں کی شدت میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے۔

تحقیق کے دوران 28 خواتین کی خدمات حاصل کی گئیں اور ان کو 2 گروپس میں تقسیم کرکے ایک گروپ کو روزانہ اوسطاً 60 گرام بادام کا استعمال کرایا گیا جبکہ دوسرے گروپ دیگر اشیا جیسے سریل بار کا استعمال کرایا گیا۔

تحقیق کے آغاز پر جلد کا معائنہ کیا گیا اور پھر یہ عمل 4 ہفتے، 8 ہفتے، 12 ہفتے اور 16 ہفتے بعد دوبارہ دہرایا گیا اور ہر بار چہرے پر جھریوں کا تجزیہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے کیا گیا۔

16 ہفتے بعد محققین نے دریافت کیا گیا کہ بادام کھانے والی خواتین میں جھریوں کی چوڑائی 10 فیصد تک کم ہوگئی جبکہ ان کی گہرائی میں بھی 9 فیصد کمی آئی۔

دوسرے گروپ میں اس حوالے سے کوئی فائدہ ریکارڈ نہیں ہوا اور محققین کا کہنا تھا کہ بادام اینٹی آکسائیڈنٹس وٹامن ای سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم کو ضروری فیٹی ایسڈز اور پولی فینولز فراہم کرتا ہے جو کہ مجموعی غذائی ضروریات کے لیے ایک اچھا انتخاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ بادام ممکنہ طور پر صحت مند بڑھاپے کے لیے بھی ایک صحت بخش غذائی انتخاب ثابت ہوسکتا ہے خصوصاً درمیانی عمر کی خواتین کے لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے اور اس کا جائزہ دیگر عمروں کے افراد میں بھی لیا جانا چاہیے، تاہم پھر بھی بادام کو روزانہ کھانا نقصان دہ نہیں۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جنرل Phytotherapy Research میں شائع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں