دنیا میں اپنی طرز کا منفرد ہیرا دریافت

09 اکتوبر 2019
— فوٹو بشکریہ السورا
— فوٹو بشکریہ السورا

دنیا میں پہلی بار ایسا ہیرا دریافت کیا گیا ہے جس کے اندر ایک ہیرا موجود ہے۔

روس میں دنیا کے اس سب سے منفرد ہیرے کو دریافت کیا گیا جو کہ ممکنہ طور پر 80 کروڑ سال سے بھی زیادہ پرانا ہوسکتا ہے۔

اسے میٹریوشیکا کا نام دیا گیا ہے اور اس کا وزن اعشاریہ 62 قیراط ہے جبکہ اس کے اندر موجود ہیرے کا وزن اعشاریہ 02 قیراط ہے۔

اسے کانوں سے ہیرے نکالنے والی کمپنی السورا نے دریافت کیا جس کی جزوی ملکیت روس کی حکومت کے پاس ہے کیونکہ وہ روس کے خطے یاکیٹیا میں کان سے ہیرے نکالنے کا کام کررہی ہے۔

اس منفرد ہیرے کی دریافت اس وقت ہوئی جب عملہ دیگر ہیرے کی چانچ پڑتال کررہا تھا۔

ہیرے کے اندر ایک اور ہیرے کی موجودگی پر اس کمپنی کے سائنسدانوں نے اس قیمتی پتھر کی مختلف طریقوں سے جانچ پڑتال کی جس کے لیے انفراریڈ اور ایکسرے وغیرہ کا بھی استعمال کیا گیا۔

کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اولیگ کوالچک کے مطابق سب سے دلچسپپ چیز جو ہم نے دریافت کی وہ اوپر اور اندر موجود ہیرے کے درمیان ہوا کا خلا تھا۔

فوٹو بشکریہ السورا
فوٹو بشکریہ السورا

سائنسدانوں نے اس حوالے سے 2 خیالات پیش کیے ہیں ایک تو یہ ہے کہ بہت تیز نشوونما کے نتیجے میں اندر موجود ہیرے کے اوپر ایک اور ہیرے جیسے مادے کی تہہ بن گئی اور پھر قدرتی دھاتی پراسیس کے نتیجے میں وہ تہہ تحلیل ہوئگی تو ایک ہیرا دوسرے کے اندر آزادی سے پھرنے لگا۔

دوسرا خیال یہ ہے کہ ایک دھاتی منرل نے ہیرے کو نشوونما کے دوران پکڑ لیا اور پھر زمین کی سطح میں تحلیل ہوگیا۔

کمپنی کے مطابق یہ اس طرح کا پہلا ہیرا ہے اور سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ اس کے بننے کا عمل 80 کروڑ برسوں سے بھی پہلے ہوا تھا۔

اب تک اس کی کوئی قیمت طے نہیں کی گئی مگر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ یہ دنیا کے مہنگے ترین ہیروں میں سے ایک ثابت ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں