بنگلہ دیش میں ایک شخص نے کھانے میں بال نکل آنے پر بیوی کو غصے میں آکر گنجا کردیا۔

ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ شوہر کو ناشتہ کرنے کے دوران اپنے کھانے میں بال نظر آیا، جس کے بعد اس نے اپنی 23 سالہ بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے زبردستی گنجا کردیا۔

بعدازاں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: ملازمہ پر تشدد، بنگلہ دیشی کرکٹر پر فرد جرم عائد

رپورٹ کے مطابق پولیس علاقے میں تفتیش کو پہنچی تو علاقہ مکین نے اس واقعے کے بارے میں بتایا جس کے بعد پولیس نے ببلو مونڈل نامی شخص کو حراست میں لے لیا۔

مقامی پولیس افسر شہریار خان کا کہنا تھا کہ 'خاتون نے اپنے شوہر کے لیے چاول اور دودھ کا ناشتہ تیار کیا تھا، اس میں بال دیکھ کر شوہر غصے میں آگیا اور بیوی پر اس کا الزام لگاتے ہوئے زبردستی اس کا سر مونڈ دیا'۔

ببلو مونڈل پر اہلیہ کے ساتھ غیر انسانی سلوک، زور زبردستی اور مارپیٹ کا الزام لگایا گیا ہے جس کے لیے اسے 14 سال قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیشی کرکٹر شہادت کی بیوی گرفتار

انسانی حقوق کے کارکنان نے کہا کہ یہ واقعہ بنگلہ دیش میں خواتین کے جسمانی اور جنسی استحصال کی ایک اور مثال ہے۔

ان کا اس واقعے کے حوالے سے کہنا تھا کہ ملک میں بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام کے لیے سخت قوانین ہونے کے باوجود خواتین عدم تحفظ کا شکار ہیں کیوں کہ گھریلو تشدد کے واقعات میں اب تک کمی نہیں آسکی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں