دبئی کے حکمران نے دنیا کا مہنگا ترین گھوڑا خرید لیا

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2019
دبئی کے حکمران نے 68 کروڑ روپے سے زائد میں گھوڑا خریدا — فوٹو: ویدر باز
دبئی کے حکمران نے 68 کروڑ روپے سے زائد میں گھوڑا خریدا — فوٹو: ویدر باز

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے برطانیہ کی ریاست انگلینڈ میں گھوڑوں کی فروخت کے عالمی میلے میں دنیا کا مہنگا ترین گھوڑا خرید لیا۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم کا شمار دنیا کے ان چند افراد میں ہوتا ہے جنہیں گھوڑوں سے بہت لگاؤ ہے اور انہوں نے اگرچہ گھوڑوں کی افزائش، انہیں دوڑنے کے لیے تربیت دینے اور دوڑ کا ایک عالمی کلب بھی بنا رکھا ہے، جہاں اعلیٰ نسل کے گھوڑے موجود ہیں۔

دبئی کے حکمران کی ملکیت ہارس بریڈنگ کلب ’گوڈولفن‘ کا نام بھی انہوں نے اعلیٰ نسل کے گھوڑے ’گوڈولفن عربین‘ کے نام پر رکھا ہے۔

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے انگلینڈ میں ہونے والے گھوڑوں کے سالانہ میلے میں ’دباوی ہاف برادر‘ نامی مختلف ریسز کو فتح کرنے والے گھوڑے کو ریکارڈ قیمت پر خرید لیا۔

گھوڑوں کی فروخت کا میلہ سجانے والی کمپنی ’ٹاٹر سیلز‘ کے مطابق دبئی کے حکمران نے انگلینڈ اور برطانیہ میں ہونے والی متعدد گھڑ دوڑ جیتنے والے نوجوان گھوڑے کو ریکارڈ قیمت پر خرید لیا۔

ادارے کے مطابق ’دباوی ہاف برادر‘ کی ابتدائی بولی ہی دیگر گھوڑوں سے زیادہ لگائی گئی تھی اور اس کی ابتدائی بولی 32 لاکھ گینی لگائی گئی تھی۔

گینی ایک آن لائن کوائن ہے جسے گھوڑوں کی فروخت کرنے والی کمپنی تسلیم کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق ’دباوی ہاف برادر‘ نامی متعدد دوڑ جیتنے والے گھوڑے کی قیمت ایک موقع پر 34 لاکھ گینی تک پہنچ گئی تھی جس کے بعد دبئی کے حکمران کی کمپنی ’گوڈولفن‘ نے گھوڑے کو خریدنے کے لیے ریکارڈ قیمت کی پیش کش کی۔

دبئی کے حکمران کی کمپنی نے گھوڑے کی قیمت 36 لاکھ گینی دے کر اسے خرید لیا جو پاکستانی 68 کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔

دبئی کے حکمران نے ’دباوی ہاف برادر‘ نامی گھوڑا 43 لاکھ 50 ہزار ڈالر سے زائد میں خریدا۔

دبئی کے حکمران کی جانب سے خریدے گئے گھوڑے نے متعدد ریس مقابلے جیت رکھے ہیں —فوٹو:ٹاٹرسیلز
دبئی کے حکمران کی جانب سے خریدے گئے گھوڑے نے متعدد ریس مقابلے جیت رکھے ہیں —فوٹو:ٹاٹرسیلز

تبصرے (0) بند ہیں