شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے، چین

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2019
چین نے شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کا مطالبہ کردیا — فوٹو بشکریہ چینی وزارت خارجہ
چین نے شام کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کا مطالبہ کردیا — فوٹو بشکریہ چینی وزارت خارجہ

ترکی کی جانب سے شام کے کرد جنگجوؤں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیے جانے کے بعد چین نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ہزاروں لوگوں کو بے گھر اور گھروں سے بھاگنے پر مجبور کرنے والوں کے خلاف بدھ کو بمباری کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ترکی نے شام میں کرد جنگجوؤں کے خلاف آپریشن شروع کردیا

اس کارروائی کے اعلان کے بعد امریکا نے ترکی اور شام کی سرحد سے اپنی فوج واپس بلانے کا اعلان کیا تھا جس امریکی سینیٹرز نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی افواج کو واپس بلانے سے داعش کے دہشت گردوں کو دوبارہ سر اٹھانے کا موقع مل جائے گا۔

ترک صدر نے کرد جنگجوؤں کو علیحدگی پسند، شدت پسند اور دہشت گرد قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ امریکی افواج کی موجودگی سے انہیں تحفظ ملا ہوا تھا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ چین کا ہمیشہ سے ماننا ہے کہ شام کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہوئے اس کو برقرار رہنے دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی کا شام میں آپریشن 'غلط فیصلہ' ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

انہوں نے کہا کہ ترکی کے فوجی آپریشن کے نتائج کے حوالے سے تمام فریقین پریشانی کا شکار ہیں اور ترکی سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

گینگ شوانگ نے کہا کہ عالمی برادری کو شام کے مسئلے کے سیاسی حل کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں اور صورتحال کو مزید پیچیدگیوں سے بچانا چاہیے۔

نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹنبرگ نے کہا کہ ترکی کے سیکیورٹی خدشات بالکل جائز ہیں لیکن انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے اس اقدام کو 'برا آئیڈیا' قرار دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں