محض 30 منٹ میں صفر سے سو فیصد تک چارج ہونے والا اسمارٹ فون

10 اکتوبر 2019
اوپو رینو ایس — فوٹو بشکریہ اوپو
اوپو رینو ایس — فوٹو بشکریہ اوپو

اوپو نے اپنا نیا فلیگ شپ فون متعارف کرایا ہے جو محض 30 منٹ میں صفر سے سو فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے۔

جی ہاں واقعی یہ دنیا کا پہلا ایسا فون ہے جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ 30 میں صفر سے سو فیصد تک چارج ہوجاتا ہے جبکہ صرف 5 منٹ میں اس کی بیٹری 27 فیصد تک چارج کی جاسکتی ہے جو کہ 2 گھنٹے کی زندگی فراہم کرتی ہے۔

اوپو رینو ایس میں کمپنی نے اپنی نئی سپر وی او او سی 2.0 ٹیکنالوجی دی ہے جو چارجنگ پاور 65 واٹ تک بڑھا دیتی ہے جبکہ والٹیج اور کرنٹ کو اس طرح کنٹغرول کرتی ہے کہ بیٹری چارجنگ کا عمل 90 سے 100 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

کئی برس سے فاسٹ چارجنگ اوپو فونز کی خاصیت رہی ہے اور کمپنی نے 2016 میں ایک ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کیا تھا جس سے 2800 ایم اے ایچ بیٹری کو صفر سے سوفیصد تک 15 منٹ میں چارج کیا جاسکتا تھا۔

مگر رینو ایس زیادہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے کیونکہ اس میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے اور اگر کمپنی کا دعویٰ درست ہے تو یہ اس وقت دستیاب تیز ترین چارجنگ فراہم کرنے والا فون ہے جبکہ تیز چارجنگ ٹائم سے بیٹری لائف کے مسائل سے چھٹکارا بھی ممکن ہے۔

بیٹری چارجنگ سے ہٹ کر بھی یہ دیگر فیچرز کے لحاظ سے بھی کمپنی کا فلیگ شپ فون ہے۔

اس میں 6.5 انچ امولیڈ 90 پرٹز ڈسلے دیا گیا ہے جس میں چھوٹا واٹر ڈراپ نوچ موجود ہے جبکہ فنگر پرنٹ اسکینر اسکرین کے اندر موجود ہے۔

اس کے علاوہ کوالکوم اسنیپ ڈراگون کا طاقتور ترین 855 پلس پراسیسر، 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

اس کے علاوہ ہیڈ فون جیک اور اسٹیریو اسپیکر دیا گیا ہے اور اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے کلیر او ایس 6.1 یو آئی سے کیا ہے۔

اس کے بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ پے جس میں 48 میگا پکسل مین کیمرا، 13 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا 5 ایکس ہائیبرڈ زوم کے ساتھ، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس اور 2 میگا پکسل مونوکروم کیمرا شامل ہے۔

فرنٹ پر 16 میگا پکسل کیمرا ہے جبکہ ایڈوانسڈ کولنگ سسٹم دیا گیا ہے جو گیمز کھیلنے کے دوران فون کی چپس کو ٹھنڈا رکھنے کا کام کرتی ہے۔

یہ فون چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے اور اس کے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والے فون کی قیمت 3 ہزار چینی یوآن (لگ بھگ 66 ہزار پاکستانی روپے)، 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والے ماڈل کی قیمت 3199 یوآن (70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 3799 یوآن (83 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں