پونے ٹیسٹ بھارت کی گرفت میں، جنوبی افریقہ 275 پر آؤٹ

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2019
ایشون نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی
ایشون نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو:اے ایف پی

بھارت نے پونے ٹیسٹ میں بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم کو پہلی اننگز میں 275 رنز پر آؤٹ کرکے 326 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پونے میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں پر 36 رنز بنا رکھے تھے تاہم ایشون نے مزید سنبھلنے کی اجازت نہیں دی۔

محمد شامی نے بھارت کو تیسرے روز پہلی کامیابی دلائی جس کے بعد تھینیوس برون اور کپتان ڈیوپلیسی نے اسکور کو 53 رنز تک پہنچایا تھا کہ یادیو نے برون کی 30 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

کوئنٹن ڈی کوک نے 31 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن ان کی ہمت 128 کے مجموعی ٹوٹ گئی جب ایشون نے وکٹیں بکھیر دیں، ساتویں وکٹ جدیجا نے 139 کے اسکور پر حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ڈیوپلیسی نے 64 رنز کی اننگز کھیلی لیکن انہیں ایشون نے پویلین کی راہ دکھائی تاہم ورنن فلینڈر نے مہاراج کے ساتھ مل کر اسکور کو 271 رنز تک پہنچایا۔

مزید پڑھیں:کوہلی کی ڈبل سنچری کے بعد جنوبی افریقہ مشکل میں

مہاراج جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے جنہوں نے 12 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے، آخری آوٹ ہونے والے بلے باز رابادا تھے جو صرف 2 رنز بنا سکے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم تیسرے روز کے اختتام پر 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس کو پہلی اننگز میں 326 رنز کا مزید خسارے کا سامنا تھا۔

ورنن فلینڈر نے 44 رنز بنا کر ہمت نہیں ہاری لیکن دوسرے اینڈ سے ان کا ساتھ نبھانے والا کوئی نہیں تھا۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے سب سے زیادہ 4، یادیو نے 3، محمد شامی نے 2 اور جدیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ بھارت نے اپنی پہلی اننگز ویرات کوہلی کی شان دار ڈبل سنچری 254 رنز اور اگروال کے 108 رنز کی بدولت 601 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں