سونے کی ہیل اور ہیروں سے سجے دنیا کے مہنگے ترین جوتے

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2019
جوتوں کی ہیل خالص سونے سے بنائی گئی ہے—فوٹو: اے ایف پی
جوتوں کی ہیل خالص سونے سے بنائی گئی ہے—فوٹو: اے ایف پی

اگرچہ برطانیہ کے ڈیزائنر نے دنیا کے مہنگے ترین جوتے، جو پاکستانی تقریبا 2 کروڑ روپے کی قیمت کے تھے، بناکر ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

تاہم اب اٹالین نژاد متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ڈیزائنر نے برطانوی ڈیزائنر کا ریکارڈ توڑتے ہوئے دنیا کے مہنگے ترین جوتے تیار کرلیے۔

جی ہاں، اٹلی سے تعلق رکھنے والے اماراتی ڈیزائنر انتونیو وائتری نے دنیا کے مہنگے ترین جوتے بناکر نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

جوتوں میں 30 قراط ہیرے بھی سجائے گئے ہیں —فوٹو: اے ایف پی
جوتوں میں 30 قراط ہیرے بھی سجائے گئے ہیں —فوٹو: اے ایف پی

برطانوی فیشن میگزین ’ہارپربازار‘ کے مطابق انتونیو وائتری کی جانب سے تیار کیے گئے جوتوں میں جہاں خالص سونے اور ہیروں کو استعمال کیا گیا ہے، وہیں ان میں نایاب شہابی پتھر کو بھی سجایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق انتونیو وائتری کی جانب سے بنائے گئے خواتین کے جوتوں کی قیمت ایک کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 3 ارب روپے ہے۔

جوتوں کو دبئی میں ہونے والے ایک میلے میں پیش کیا گیا—فوٹو: اے ایف پی
جوتوں کو دبئی میں ہونے والے ایک میلے میں پیش کیا گیا—فوٹو: اے ایف پی

اٹالین نژاد اماراتی جوتے ڈیزائنر کی جانب سے بنائے گئے جوتوں کی ہیل خالص سونے کی ہے جس کا ڈیزائن دنیا کی بلند ترین امارت ’برج خلیفہ‘ سے ملتی جلتی ہے۔

دنیا کے مہنگے ترین ان جوتوں میں 30 قراط ہیرے بھی جڑے گئے ہیں جب کہ جوتوں میں 5 صدیاں قبل یورپ میں پائے جانے والے شہابی پتھروں کو بھی سجایا گیا ہے۔

سونے سے بنی ہیل کا ڈیزائن برج خلیفہ جیسا ہے—فوٹو: اے ایف پی
سونے سے بنی ہیل کا ڈیزائن برج خلیفہ جیسا ہے—فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے مہنگے ترین جوتوں کو دبئی میں ہونے والے ایک میلے میں پیش کیا گیا، جہاں شائقین جوتوں کی قیمت سن کر حیران رہ گئے۔

ان جوتوں سے قبل برطانوی ڈیزائنر کی جانب سے بنائے گئے جوتوں نے دنیا کے مہنگے ترین جوتوں کا عالمی اعزاز حاصل کیا تھا۔

برطانوی ڈیزائنر کے جوتوں میں بھی سونے اور ہیروں کا استعمال کیا گیا تھا اور ان کی قیمت ڈیڑھ کروڑ امریکی ڈالر رکھی گئی تھی۔

اٹالین ڈیزائنر سے قبل برطانوی ڈیزائنر نے مہنگے ترین جوڑے بنائے تھے—فوٹو: ڈیبی ونگھم انسٹاگرام
اٹالین ڈیزائنر سے قبل برطانوی ڈیزائنر نے مہنگے ترین جوڑے بنائے تھے—فوٹو: ڈیبی ونگھم انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں