مسلم لیگ (ن) وکلا ونگ کے نائب صدر ’اغوا‘

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2019
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے لیے شکایت وصول کر کے وکیل کی جلد بازیابی کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا —تصویر: ٹوئٹر
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے لیے شکایت وصول کر کے وکیل کی جلد بازیابی کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا —تصویر: ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وکلا ونگ کے نائب صدر کو ٹھوکر نیاز بیگ سے مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا۔

ہنجروال پولیس اسٹیشن میں ان کے بھائی ناظم حسین کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت میں کہا گیا کہ ’کاشف علی چوہدری کیبل کی تار لینے سرشار مارکیٹ گئے تھے جہاں 2 گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد نے آکر انہیں روکا‘۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق درخواست میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے ایڈووکیٹ کاشف کو زبردستی پکڑا اور انہیں گاڑی میں ڈال کر ساتھ لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:'سادہ لباس افراد' کے ہاتھوں اغوا صحافی پوچھ گچھ کے بعد رہا

پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے لیے شکایت وصول کر کے وکیل کی جلد بازیابی کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

تاہم سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کلوز سرکٹ کیمرہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس نقاب پوش افراد کاشف چوہدری کو پکڑ کر لے جارہے تھے اور بعد میں انہیں گاڑی میں ڈال دیا گیا۔

اس حوالے سے یہ رپورٹس بھی سامنے آئیں ہیں کہ کاشف چوہدری نے 3 روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی تھی۔

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) کے عہدے کے افسر اس معاملے کی تحقیقات کررہے ہیں۔

پنجاب بار کونسل کا وکیل کی رہائی کا مطالبہ

دوسری جانب پنجاب بار کونسل نے کسی جرم یا قانونی جواز کے بغیر مبینہ طور پر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ایڈووکیٹ کاشف چوہدری کے ’اغوا‘ کی مذمت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی یونیورسٹی کا طالبعلم بھائی سمیت ’اغوا‘

پی بی سی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’سیکیورٹی ایجنسیز کا اقدام ناقابلِ مذمت ہے کیوں کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام لوگوں کی حفاظت کرنا ہے انہیں دہشت زدہ یا ہراساں کرنا نہیں‘۔

بیان میں حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ کاشف چوہدری کی رہائی کو جلد از جلد ممکن بنائیں بصورت دیگر پنجاب کی وکلا برادری آئندہ 24 گھنٹوں میں خود ایکشن لے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں