اہلیہ، ساس اور برادر نسبتی کو قتل کرنے والے شخص کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2019
ملزم پر تہرے قتل کا الزام تھا، جس پر سزا سنائی گئی — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
ملزم پر تہرے قتل کا الزام تھا، جس پر سزا سنائی گئی — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

لاہور کی مقامی عدالت نے تہرے قتل کیس میں ملزم کو 3 مرتبہ سزائے موت اور 3 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کی سیشن عدالت نے اپنی اہلیہ، ساس اور برادر نسبتی کو قتل کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

ایڈیشنل سیشن جج سنجیدہ اختر کی عدالت میں سماعت کے دوران پروسیکیوشن نے موقف اپنایا کہ ملزم نے اپنی بیوی، ساس اور برادر نسبتی کو قتل کیا۔

مزید پڑھیں: والدین کے قتل کا الزام، چیئرمین نیب جاوید اقبال کا سوتیلا بھائی بری

پروسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم غلام عباس پر تہرے قتل کیس میں جرم ثابت ہوچکا ہے، عدالت ملزم کو قانون کے مطابق سزا دے۔

اسی دوران ملزم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل کو ذاتی دشمنی کے باعث اس مقدمے میں نامزد کیا گیا جبکہ ملزم سے آلہ قتل برآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں، لہٰذا ملزم کو بری کیا جائے۔

تاہم عدالت نے ملزم کے وکیل کی استدعا منظور نہ کرتے ہوئے حتمی دلائل کے بعد غلام عباس کو 3 مرتبہ سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنا دی۔

یہ بھی پڑھیں: قتل کا ملزم 10 سال بعد بری، چیف جسٹس کا قانونی سقم پر اظہار برہمی

واضح رہے کہ 2016 میں لاہور کے علاقے مناواں میں گھریلوں لڑائی جھگڑے پر ملزم نے اپنی بیوی، ساس اور برادر نسبتی کو قتل کردیا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا تھا اور تھانہ مناواں میں تہرے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جس کے بعد معاملے کا ٹرائل شروع ہوا تھا اور آج (بروز پیر) سیشن کورٹ نے سماعت کی اور فیصلہ سنایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں