گوگل اسسٹنٹ سے لیس نئے پکسل ائیرفون

15 اکتوبر 2019
نئے پکسل بڈز — فوٹو بشکریہ گوگل
نئے پکسل بڈز — فوٹو بشکریہ گوگل

انگلش نہیں آتی یا دنیا کی کسی اور زبان سے واقف نہیں اور اس کی وجہ سے غیرملکی دوستوں سے بات کرنا مشکل ہوتا ہے؟ تو اب یہ مسئلہ درحقیقت کوئی مسئلہ نہیں۔

جی ہاں گوگل نے ایسا نیا ائیرفون پکسل بڈز متعارف کرایا ہے جو کسی بھی زبان سے عدم واقفیت کو مسئلہ نہیں بننے دے گا۔

گوگل کے مطابق مشین لرننگ اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے لیس اس ائیرفون کے ذریعے لوگ گوگل ٹرانسلیٹ سے رئیل ٹائم میں الفاظ کا ترجمہ سن سکیں گے، یعنی ایک سائنس فکشن خیال کو کافی حد تک حقیقت کی شکل دے دی گئی ہے۔

پکسل بڈز میں گوگل اسسٹنٹ تک ہیڈ فری رسائی دی گئی ہے جس کی مدد سے فون پر فوری طور پر کام کیے جاسکتے ہیں، بس ہے گوگل کہہ کر اپنی مطلب کا کام کہہ دیں جیسے ایس ایم ایس بھیجنا یا کسی غیرملکی زبان کا ترجمہ، راستوں کی آگاہی، موسیقی کو کنٹرول اور بھی بہت کچھ۔

کان میں آسانی سے فٹ ہوجانے والی یہ ڈیوائس نئے اڈاپٹو ساﺅنڈ فیچر سے لیس ہے جو ارگرد کے ماحول کے شور کے مطابق والیوم کو ایڈجسٹ کردیتا ہے۔

بلیوٹوتھ کی مدد سے اسے فون سے 100 گز دور سے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سنگل چارج پر لگاتار استعمال پر یہ 5 گھنٹے تک کام کریں گے مگر ایک چارجنگ کیس کی بدولت یہ وقت 24 گھنٹے تک بڑھایا جاسکتا ہے۔

گوگل کے مطابق نئے پکسل بڈز میں بہتر ساﺅنڈ کوالٹی دی گئی ہے اور پرشور ماحول میں آپ کے جبڑوں کی حرکت کے ذریعے مائیکرو فون کی بیم فارمنگ پرفارمنس بہتر بناتا ہے۔

اس سے پہلے 2017 میں بھی گوگل نے پکسل بڈز متعارف کرائے تھے مگر وہ اتنے زیادہ بہتر ثابت نہیں ہوئے تھے اور وائرلیس بھی نہیں تھے کیونکہ وہ ایک کنٹنگ کیبل سے منسلک تھے۔

یہ نئے پکسل بڈز اگلے سال 179 ڈالرز میں فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں