تصور کریں کہ آپ کے گھر میں اچانک خون، چربی اور ہڈیوں کا سیلاب بہنا شروع ہوجائے تو پھر کیا ہوگا؟

اور یہ کسی ڈراﺅنی فلم کا منظر نہیں بلکہ امریکی ریاست آئیووا میں ایک خاندان کے ساتھ پیش آنے والا سچا واقعہ ہے۔

آئیووا کی گو تھری کاﺅنٹی کے علاقے بیگلے میں 7 افراد کے خاندان کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا جب ان کے گھر کے تہہ خانے میں اچانک خون، چربی اور ہڈیوں کا سیلاب آگیا۔

امریکی جریدے نیوز ویک کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے شروع میں اس خاندان کو اس مصیبت کا سامنا ہوا اور تہہ خانہ جانوروں کے خون، چربی اور ہڈیوں سے بھرگیا، جس سے وہاں موجود سامان تباہ ہوگیا، جس میں ایک بیڈ بھی تھا جو اس توقع کے ساتھ رکھا گیا تھا کہ ان کا ایک سالہ بیٹا کسی دن اسے استعمال کرے گا۔

اس خاندان سے تعلق رکھنے والے نک لیسٹینا نے مقامی ٹی وی چینیل کو بتایا کہ وہ ایک دہائی سے ایک قصاب کے برابر میں مقیم ہیں، مگر مسائل کا آغاز اس وقت ہوا جب رواں سال کے شروع میں دکان کی ملکیت تبدیل ہوئی۔

جیراڈ اور کیٹلین دہل نامی افراد نے اس گوشت کی دکان کا انتظام یکم اپریل کو سنبھالا تھا، مگر اس سے پہلے وہ کئی برس سے اسی دکان میں کام بھی کرتے رہے تھے۔

اب 6 ماہ بعد نک لیسٹینا کا دعویٰ ہے کہ ان دونوں قصابوں کی وجہ سے گھر میں یہ سیلاب آیا ہے مگر وہ اپنی غلطی تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

نک نے بتایا 'ان کا کہنا ہے کہ یہ ہماری غلطی نہیں اور مجھے گڈ لک کہہ کر چلے گئے'۔

انہوں نے مزید کہا 'صفائی کے لیے اب مجھے ہزاروں ڈالرز درکار ہیں، 2 ہزار ڈالرز تو صرف تہہ خانے کو صاف کرنے کے لیے چاہیے، مگر میرے پاس اس کے لیے ہزاروں ڈالرز نہیں، کوئی بھی یہ منظر دیکھنا اور بو سونگھنا نہیں چاہے گا، میں بھی ایسا ان کے گھروں میں دیکھنا نہیں چاہوں گا'۔

نک کا کہنا تھا کہ اگر ان قصابوں نے مدد کی پیشکش نہ کی تو وہ ان کے خلاف پولیس سے رابطہ کریں گے۔

اس دکان کے مالکان نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ وہ دکان میں نکاسی آب کے مسائل سے واقف نہیں تھے اور آئیووا ڈیپارٹمنٹ آف نیچرل ریسورسز نے انہیں 3 اکتوبر کو اس مسئلے سے آگاہ کیا، جس کے بعد فوری طور پر اگلے دن ہی مسئلے کو حل کیا گیا۔

ڈیپارٹمنٹ آف نیچرل ریسورسز نے اس حوالے سے بتایا کہ نکاسی آپ کا نظام ممکنہ طور پر اس متاثرہ خاندان کے گھر سے منسلک تھا جو دکان میں گوشت کے سرد خانے کے ساتھ تھا، اکتوبر 3 کو جانور کاٹنے پر نکاسی آب کا پائپ بلاک ہوا، جس سے خون اور دیگر باقیات تہہ خانے میں پہنچ گئے۔

حکام نے خاندان کو گھر چھوڑنے کا مشورہ دیا تاکہ وہ کسی قسم کی بیماری کا شکار نہ ہوسکے جبکہ مقامی محکمہ صحت نے معاملے پر تحقیقات بھی شروع کردی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں