وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پر تشدد کے الزام میں 36 طلبا گرفتار

اپ ڈیٹ 17 اکتوبر 2019
کیمپس سیکیورٹی افسر آصف علی نے 36 طلبا کی نشاندہی کی تھی — فائل فوٹو/اے پی
کیمپس سیکیورٹی افسر آصف علی نے 36 طلبا کی نشاندہی کی تھی — فائل فوٹو/اے پی

کراچی: پولیس نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف حسین پر تشدد کے الزام میں 36 طلبا کو گرفتار کر لیا۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن شاہنواز چاچڑ کا کہنا تھا کہ منگل کے روز ڈنڈا بردار 40 سے 50 طلبا نے وائس چانسلر پر حملہ کرتے ہوئے ان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گالیاں بھی دیں۔

بدھ کو درج ہونے والی واقعے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق طلبا اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کر رہے تھے جو یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق 'غیر منصفانہ' تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی: خاتون کو ہراساں، بدترین تشدد کرنے والا ملزم گرفتار

ایس پی گلشن کا کہنا تھا کہ کیمپس سیکیورٹی افسر آصف علی نے 36 طلبا کی نشاندہی کی تھی جن کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 147، 148، 149، 342، 506، 504 اور 337-اے (1) کے تحت درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وفاقی اردو یونیورسٹی میں طلبا کی جانب سے اساتذہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

24 فروری 2016 کو وفاقی اردو یونیورسٹی کے عبد الحق کیمپس میں اساتذہ پر تشدد اور جھگڑا کرنے پر8 طلبا کے داخلے منسوخ کر دیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں