گوگل نے رواں ہفتے اپنے نئے پکسل 4 فونز متعارف کرائے جس میں فنگرپرنٹ سنسر نہیں دیا گیا بلکہ ڈیوائس ان لاک کرنے کے لیے چہرے کی شناخت کے سسٹم کو دیا گیا ہے۔

یہ بالکل ایپل کے فیس آئی ڈی جیسا سسٹم ہے اور اس کے لیے فون کے اوپری اسکرین بیزل میں جدید ہارڈوئیر دیا گیا ہے مگر فون کی دستیابی سے قبل ہی اس میں مسئلہ سامنے آگیا ہے۔

درحقیقت یہ انکشاف ہوا ہے کہ پکسل 4 کو بند آنکھوں کے ساتھ بھی ان لاک کیا جاسکتا ہے۔

اور یہ کسی مسئلے سے کام نہیں ہوگا کیونکہ کسی صارف کے فون کو نیند کے دوران اس کے چہرے کے پاس لاکر ان لاک کرنا ممکن ہے۔

یہ تو واضح نہیں کہ گوگل نے چہرے کی شناخت میں کھلی آنکھوں کا چیک کیوں شامل نہیں کیا، مگر سپورٹ ویب سائٹ پر کمپنی نے اس مسئلے کا اعتراف کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا 'آپ کا فون کوئی بھی آپ کے چہرے کی جانب کرکے ان لاک کرسکتا ہے، چاہے آپ کی آنکھیں بند ہی کیوں نہ ہو'۔

کمپنی نے کہا ہے کہ اگر اس حوالے سے تحفظات ہیں تو لاک ڈاﺅن موڈ کو ایکٹیویٹ کرنے سے سیکیورٹی کو بڑھایا جاسکتا ہے، کیونکہ اس سے فیس ان لاک ڈی ایکٹیو ہوجاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں ایپل کا فیس آئی ڈی اسی وقت ڈیوائس کو ان لاک کرتا ہے جب صارف فون کی جانب دیکھ رہا ہو۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پکسل 4 کی لیک تصاویر میں فیس ان لاک سیٹ کے عمل میں سیٹنگز کے دوران دکھایا گیا ک کہ اس کے لیے آنکھیں کھلی رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ گوگل آنکھیں بند ہونے کی صورت میں فون ان لاک ہونے کے فیچر کو سافٹ وئیر اپ ڈیٹ سے ٹھیک کرے گا یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں