نظام ہاضمہ غذا کو ہضم کرکے اس میں موجود غذائی اجزا اور توانائی کو جسم کے لیے استعمال کرنے میں مدد دیتا ہے۔

کچھ غذائیں تو نظام ہاضمہ کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں جبکہ کچھ مخصوص غذائیں یا غذا میں اچانک تبدیلیاں نظام ہاضمے کے مسائل کا باعث بنتی ہیں۔

متعدد افراد کو مختلف مسائل جیسے پیٹ پھولنے، گیس، قبض، دل متلانے، قے، سینے میں جلن اور ہیضے وغیرہ کا سامنا ہوتا ہے۔

اگر آپ بھی ان میں شامل ہیں تو ایسی غذاﺅں کے بارے میں جان لیں جو نظام ہاضمے کے لیے بہترین سمجھی جاسکتی ہیں۔

ویسے یہ جان لیں جیسے ہی غذا منہ میں داخل ہوتی ہے تو ہاضمے کا عمل حرکت میں آجاتا ہے۔

جسم بتدریج غذا کو نظام ہاضمہ سے گزارتا ہے جس میں یہ ٹکڑے ہوکر چھوٹے اور قابل استعمال ٹکڑوں میں تبدیل ہوجاتی ہے، مختلف غذائیں اس عمل کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں یا اپنے کھانوں میں چند اضافے یہ کام کرسکتے ہیں۔

ادرک کا استعمال

ادرک پیٹ پھولنے اور دیگر نظام ہاضمہ کے مسائل میں کمی لانے میں مدد دیتی ہے۔ ادرک کو غذاﺅں کا ذائقہ بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور اس سے چائے بھی تیار کرکے پی جاسکتی ہے، اسے غذا میں شامل کرکے یا چائے میں ڈال کر پینا پیٹ پھولنے اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔

فائدہ مند چربی

ان سچورٹیڈ یا فائدہ مند چربی جسم کو وٹامنز جذب کرنے میں مدد دیتی ہے جبکہ فائبر کے ساتھ مل کر آنتوں کے افعال میں مدد بھی فراہم کرتی ہے۔ یہ چکنائی یا چربی زیتون کے تیل، مونگ پھلی کے تیل، ویجیٹیبل آئل، مچھلی، بادام، مونگ پھلی، کاجو وغیرہ میں موجود ہوتی ہے۔

سبزیاں

سبزیاں فائبر سے بھرپور ہوتی ہیں اور یہ وہ جز ہے جو ہاضمے کے لیے بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ آنتوں کو متحرک کرکے قبض سے بچاتا ہے۔ عام طور پر سبزیوں کی جلد یا چھلکوں میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جن میں آلو قابل ذکر ہے۔

پھل

بیشتر پھلوں میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ وٹامنز اور منرلز جیسے وٹامن سی اور پوٹاشیم وغیرہ بھی جسم کو ملتے ہیں جو نظام ہاضمہ کے لیے مفید ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر سیب، مالٹے اور کیلے ایسے پھل ہیں جو نظام ہاضمہ کے افعال بہتر بناتے ہیں۔

دہی

دہی میں پروبایوٹیکس موجود ہوتا ہے یہ وہ بیکٹریا ہے جو معدے میں جاکر نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔

سبز پتوں والی سبزیاں

سبز پتوں والی سبزیاں بھی نظام ہاضمہ کے لیے مفید ہیں، ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پالک اور ساگ وغیرہ میں ایک ایسا جز ہوتا ہے جو معدے میں موجود صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا کو ایندھن فراہم کرکے ہاضمے کو تیز کرتا ہے۔

کن چیزوں سے گریز کریں؟

چند مخصوص غذائیں اور عادات سے پیٹ پھولنے، سینے میں جلن اور ہیضے وغیرہ کا خطرہ بڑھتا ہے جن میں مصنوعی مٹھاس، میٹھے مشروبات یا سافٹ ڈرنکس، ریفائن کاربوہائیڈریٹس جیسے سفید ڈبل روٹی، الکحل، دودھ، زیادہ چکنائی والی غذائیں جیسے پنیر اور کریم، زیادہ کیفین والے مشروبات، مصالحے دار غذائیں، چربی والی غذائیں وغیرہ۔

اس کے علاوہ بہت تیزی سے کھانا اور کھاتے ہی لیٹ جانے سے بھی ہاضمے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں