مصر: مشہور اداکار کو کاک پٹ پر بٹھانے پر پائلٹ پر تاحیات پابندی

19 اکتوبر 2019
محمد رمضان سعودی عرب میں تفریحی پروگرام میں پرفارم کرنے جارہے تھے—فوٹو:محمد رمضان ٹویٹر
محمد رمضان سعودی عرب میں تفریحی پروگرام میں پرفارم کرنے جارہے تھے—فوٹو:محمد رمضان ٹویٹر

مصر میں ایک پائلٹ پر سعودی عرب جاتے ہوئے نجی پرواز کے دوران مشہور ادارکار محمد رمضان کو کاک پٹ پر سفر کی اجازت دینے کی پاداش میں تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مشہور اداکار نے سوشل میڈیا میں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ معاون پائلٹ کے برابر میں براجمان تھے اور کنٹرول سنبھالا ہوا تھا۔

بعدازاں پائلٹ کے لائسنس کو منسوخ کردیا گیا اور معاون پائلٹ پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی جبکہ نجی پرواز کے حوالے سے تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔

مصر کی وزارت سول ایوی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ ‘مصر کے سول ایوی ایشن قوانین کی خلاف ورزی کی تصدیق کے بعد ہم نے غیر ذمہ دارانہ حرکت پر انتہائی قدم اٹھایا ہے’۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری ایئرلائنز کی کمپنیوں کو ایوی ایشن کے قانون پر عمل ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مصر کے تحریر اسکوائر پر احتجاج، مظاہرین کا سیسی سے استعفے کا مطالبہ

اداکار و گلوکار محمد رمضان نے 13 اکتوبر کو سوشل میڈیا میں مذکورہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے کیمرے کے سامنے کہا تھا کہ ‘پہلی نوعیت کا پہلا واقعہ، میں جہاز چلاؤں گا’۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کاک پٹ میں داخل ہوتے ہیں اور پائلٹ کے برابر میں بیٹھ کر ہاتھوں کو کنٹرول وہیل میں رکھے ہوئے ہیں۔

اسی دوران نامعلوم شخص کی آواز گونجتی ہے جس میں کہتے ہیں کہ ‘محمد رمضان ہی ہیں جو اس وقت جہاز اڑا رہے ہیں’۔

مصری قوانین کے مطابق دوران پرواز کسی بھی مسافر کو کاک پٹ پر داخلے کی اجازت نہیں ہے۔

ویڈیو سوشل میڈیا میں جاری ہوتے ہیں اکثر صارفین نے غصے سے ردعمل دیا اور اداکار کے بائیکاٹ کا بھی مطالبہ کیا۔

محمد رمضان مشہور اداکار ہیں جو مصر کی ایک درجن سے زائد فلموں اور کئی ٹی وی سیریز میں اپنے جوہر دکھا چکے ہیں جو اپنے بینڈ کے ساتھ سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک تفریحی پروگرام میں شرکت کرنے جارہے تھے۔

انہوں نے اداکاری کے علاوہ گلوکاری میں بھی اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں اور ان کے گانے یو ٹیوب میں لاکھوں افراد کی توجہ حاصل کرچکے ہیں۔

محمد رمضان اپنے مداحوں کی بڑی تعداد کے باوجود ماضی میں کئی تنازعات کا شکار رہے ہیں اور رواں برس اگست میں ایک کنسرٹ میں نامناسب ڈانس اور لباس پر مداحوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی اور ان کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں