صدر مملکت عارف علوی 5 روزہ دورے پر جاپان روانہ

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2019
جاپان کے بادشاہ کی تاج پوشی میں 170 ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے — فائل فوٹو: ٹوئٹر
جاپان کے بادشاہ کی تاج پوشی میں 170 ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے — فائل فوٹو: ٹوئٹر

صدر مملکت عارف علوی، جاپان کی حکومت کی دعوت پر ٹوکیو کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوگئے جہاں وہ جاپان کے بادشاہ نارو ہیتو کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

عارف علوی کے دورہ جاپان کے بعد چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، کابینہ ڈویژن نے قائم مقام صدر کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

صدر مملکت کے دورہ جاپان کے باعث چیئرمین سینٹ 24 اکتوبر تک قائم مقام صدر کے فرائض سرانجام دیں گے۔

اس سے قبل ڈان اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی جاپان کے بادشاہ نارو ہیتو کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے جو 22 اکتوبر کو منعقد ہوگی۔

اس حوالے سے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ صدر عارف علوی آج (20 اکتوبر) کو جاپان کے 5 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔

ٹوکیو میں منعقد ہونے والی تاج پوشی کی تقریب میں 170 ممالک کے ریاستی کے سربراہان، حکمران اور سینئر حکام شرکت کریں گے۔

جاپان کے بادشاہ کی تاج پوشی میں ترک صدر رجب طیب اردوان، بھارتی صدر رام ناتھ کووند، اردن کے شاہ عبداللہ، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور چین کے نائب صدر وانگ کی شان شریک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: جاپان میں نئے دور کا آغاز، نئے بادشاہ نے تخت سنبھال لیا

ساتھ ہی برطانیہ، اسپین، ناروے، سویڈن، نیدرلینڈز، بیلجیئم اور بھوٹان کے شاہی خاندان بھی جاپان کے بادشاہ کی تاج پوشی میں شرکت کریں گے۔

خیال رہے کہ جاپان کے بادشاہ نارہیتو نے رواں برس مئی میں ان کے والد آکی ہیتو کی جانب سے بادشاہت چھوڑنے کے بعد تخت سنبھالا تھا۔

آکی ہیتو 1817 کے بعد جاپان کے پہلے بادشاہ تھے جنہوں نے زندگی میں ہی تخت سے علیحدگی اختیار کی وہ 30 سال سے زائد عرصے تک تخت نشین رہے تھے۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ دورے میں صدر مملکت عارف علوی جاپان کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے اہم کاروباری اداروں سے بھی بات چیت کریں گے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں دفتر خارجہ نے کہا کہ ‘پاکستان اور جاپان دیرینہ دوست اور شراکت دار ہیں، جاپان کا شمار پاکستان میں بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں ہوتا ہے اور یہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدگی سے متعلق بھی ایک اہم مقام ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت آگ سے کھیل رہا ہے جو اس کے سیکیولرزم کو جلادے گی، صدر عارف علوی

دفتر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ صدر مملکت کا حالیہ دورہ پاکستان اور جاپان کے دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ جاپان، پاکستان کے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور کئی برسوں سے ملک میں ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کرتا رہا ہے۔

رواں برس اپریل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جاپان کا دورہ کیا تھا، وزیر خارجہ کے دورے میں دونوں ممالک نے انسانی وسائل کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت اور آٹوموبائل سیکٹرز میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا تھا۔


یہ خبر 20 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں