اپوزیشن کے سیاسی یتیم ملکی معیشت کو جام کرنا چاہتے ہیں، فردوش عاشق

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2019
فردوس عاشق اعوان کے مطابق سیاسی یتیم فضل الرحمٰن کے ساتھ مل کر معیشت کمزور کرنا چاہتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
فردوس عاشق اعوان کے مطابق سیاسی یتیم فضل الرحمٰن کے ساتھ مل کر معیشت کمزور کرنا چاہتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوش عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے جس کی تعریف عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن کے سیاسی یتیم اس سفر کو جام کرنا چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی درست معاشی پالیسیوں کا اثر آنا شروع ہوا ہے اور ملکی معیشت درست سمت کی جانب سفر کر رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ایک جانب جہاں عالمی بینک، عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) سمیت دیگر مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہے ہیں تو دوسری طرف اپوزیشن کے سیاسی یتیم مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ مل کر ملکی معیشت کے سفر کو جام کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت سے مذاکرات پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمٰن متحرک

فردوس عاشق اعوان نے ملک میں بڑھتی ہوئی درآمد اور گرتی ہوئی برآمد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2019 سے ستمبر 2019 تک ملک کی برآمدات میں 14 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جب کہ درآمدات میں 24 فیصد کمی واقع ہوئی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے وزیراعظم کے فیصلوں کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور وزیر اعظم کے فیصلوں کے نتائج اب آنا شروع ہوئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے تمام سیاسی یتیم مل کر نہ صرف ملک کی معیشت کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں بلکہ وہ وزیر اعظم عمران خان کی عوام و ملک دوست حکمت عملی کو بھی سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سمجھنا چاہیے کہ پاکستان کی بہتر ہوتی معیشت کے اشارے ان کے ارمانوں کو ختم کرنے کا سبب بنیں گے اور ان کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوجائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف بھارت اشتعال انگیزی اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر نہتے پاکستانی شہریوں پر حملے کر رہا ہے اور مقبوضہ وادی میں معصوم کشمیریوں کو یرغمال بنا کر ان کا استحصال کر رہا ہے تو دوسری طرف ہمارے یہ نادان سیاسی رہنما اپنے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:’اقتصادی صورتحال میں تبدیلی‘ پر وزیراعظم اپنی معاشی ٹیم کے معترف

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اگلے تین سے چار ماہ پاکستانی معیشت اور پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں اور ہمارے سیاسی رہنماؤں کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ برطانوی شاہی جوڑے کے پاکستان کے دورے سے دنیا بھر میں پاکستان کی مثبت تصویر اجاگر ہوئی لیکن مٹھی بھر لوگ مذہب کی آڑ میں پاکستان کے عوام کو انتشار کی بھٹی میں جھونکنا چاہتے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر کی جانے والی سازشوں پر بھی بات کی اور کہا کہ بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی پر بھی بات کی اور کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے ایک جوان اور 6 شہری شہید ہوگئے تاہم پاکستانی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کی بندوقوں کو خاموش کرا دیا۔

فردوش عاشق کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے طیاروں کو گراکر عالمی سطح پر خود کو منوا لیا ہے اور پاکستان پڑوسی ملک پر حملہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، تاہم پاکستان سرحد پار رہنے والی مسلمان آبادی کے حوالے سے سوچتا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج دشمنوں کو ناکوں چنے چبوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

honorable Oct 20, 2019 09:35pm
we need expert and knowledged ministers