بلوچستان میں ایک، خیبر پختونخوا میں 2 نئے پولیو کیسز سامنے آگئے

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019
3 نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد ملک میں پولیو سے وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہوگئی۔ — اے ایف پی/فائل فوٹو
3 نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد ملک میں پولیو سے وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہوگئی۔ — اے ایف پی/فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیو کے 2 اور بلوچستان کے ضلع ہرنئی میں ایک نیا کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال ملک میں سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کی رپورٹ کے مطابق پولیو وائرس سے متاثر ہونے والوں میں 7 سالہ بچی اور 21 ماہ کا بچہ شامل ہے جو سرائے نورنگ تحصیل کے رہائشی ہیں۔

ای او سی کے مطابق دونوں متاثرہ بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔

متاثرہ بچوں کے فضلے کےنمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ میں پولیو کی تصدیق ہوئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 56 ہوگئی ہے۔

ای او سی کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پولیو کیسز کی بڑی وجہ والدین کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے سے انکار ہے، پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ ہے۔

انہوں نے والدین سے گمراہ کن پروپیگنڈا میں نہ آنے کی درخواست کی اور کہا کہ چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت پولیو کے مکمل خاتمہ میں پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پولیو کے مکمل خاتمہ کے لئے ہربچے تک پہنچناناگزیر جس کے لیے والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے'۔

دوسری جانب ای او سی کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنئی میں 11 ماہ کے بچے 25 ستمبر کو بخار ہوا جس کے بعد اسے میڈیکل اسٹور سے I/M ینجیکشن دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق بچے کی حالت بہتر نہ ہونے پر اسے ایک مقامی حکیم کے پاس لے جایا گیا جس نے اس کا علاج کیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ '27 ستمبر کی صبح بچے کے داہنے پیر کمزور ہونے لگے اور اس کے بعد بائیں پیر بھی کمزور ہونے لگے جس پر اسے کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں قائم سعید ہسپتال لے جایا گیا اور وہاں اسے اینٹی بائیوٹکس دی گئیں۔

ای او سی کا کہنا تھا کہ 'بچے کی حالت مسلسل بہتر نہ ہونے پر اسے 2 اکتوبر کر کوئٹہ ہی کے طارق کلینک لے جایا گیا جہاں اسے فالج قرار دیا گیا۔

ای او سی نے بتایا کہ بچے کو ایک مرتبہ پولیو کے قطرے پلائے جاچکے تھے جبکہ اس کے اہلخانہ زیارت اور ہرنئی کے درمیان مسلسل سفر کر رہے تھے۔

3 سالوں پاکستان میں سامنے آنے والے پولیو کیسز پولیو کیسز کی تعداد

پاکستان میں رواں سال اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز: 76

2018 میں سامنے آنے والے پولیو کیسز: 12

2017 میں سامنے آنے والے کیسز: 8

2019 میں مخلتف اضلاع سے سامنے آنے والے پولیو کیسز

بلوچستان

قلعہ عبداللہ: 3

جعفرآباد: 2

ہرنئی: 1

کوئٹہ: 1

پنجاب

لاہور: 4

جہلم: 1

سندھ

حیدرآباد: 2

کراچی: 4

لاڑکانہ: 1

جامشورو: 1

خیبر پختونخوا

بنوں: 23

چارسدہ: 1

ڈی آئی خان: 1

لکی مروت: 10

شانگلہ: 1

تورغر: 7

باجوڑ: 1

خیبر: 1

شمالی وزیرستان: 8

جنوبی وزیرستان: 1

تبصرے (0) بند ہیں