عالمی بینک،آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی، حکومت

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2019
ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ
پاکستان میں آئی ایم ایف پروگرام کے نفاذ سے لے کر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگا ہ کیا۔
— فوٹو: طاہر شیرانی
ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ پاکستان میں آئی ایم ایف پروگرام کے نفاذ سے لے کر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگا ہ کیا۔ — فوٹو: طاہر شیرانی

عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سربراہان نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات میں انہیں پاکستانی معیشت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کے ہمراہ پاکستانی وفد نے عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے سربراہان سے علحیدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستانی معیشت میں استحکام، ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی کوششوں اور بالخصوص موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی اعشاریوں میں ہونے والی بہتری سے آگاہ کیا۔

یہ ملاقاتیں واشنگٹن میں ہوئیں، جہاں پاکستانی وفد عالمی بینک-آئی ایم ایف گروپ کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے موجود ہے۔

عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر(آپریشنز) ایکسل وان ٹراٹسن برگ سے ملاقات میں مشیر خزانہ نے انہیں نیا ایم ڈی تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کا فراہم کی جانے والی امداد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں: امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا فائدہ اٹھانا چاہیے، مشیر خزانہ

اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران مشیر خزانہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے منصوبوں کی تکمیل کی رفتار کو بہتر بنانے اور اس ضمن میں کیے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے کہا کہ پاکستان کا شمار عالمی بینک کے 3 سب سے بڑے شراکت داروں اور انٹر نیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) کی جانب سے فراہم کردہ امداد سے بھی بڑے پیمانے پر فائدہ حاصل کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی بینک کے وسائل کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے ۔

ایکسل وان ٹرسٹن نے پاکستانی وفد کو یقین دہانی کروائی کہ عالمی بینک کی جانب سے پاکستانی حکومت کی ترقی کی کوششوں میں بھر پور امداد کی یقین دہانی کروائی۔

علازہ ازیں ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی وفد کی آئی ایم ایف، ورلڈ بینک کے حکام سے ملاقات، معاشی اقدامات پر بریفنگ

ملاقات کے دوران ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے نئی ایم ڈی کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور انہیں پاکستان میں آئی ایم ایف پروگرام کے نفاذ سے لے کر اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگا ہ کیا۔

ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے آئی ایم ایف کی سربراہ کو بتایا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مثبت نتائج سے پاکستانی معیشت کے استحکام کے راستے پر گامزن ہونے کا عندیہ ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پرگرام کے تحت پاکستانی معیشت میں اصلاحات متعارف کروائے جانے کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر کرسٹا لینا جارجیوا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو احساس ہے کہ معیشت کو استحکام دینے کے لیے پاکستانی حکومت سخت فیصلے لے رہی ہے اور ان فیصلوں کو نافذ کیا جا رہا ہے۔

کرسٹا لینا جارجیوا نے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا اور اصلاحات کے پروگرام کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں