ایک دن میں 16وکٹیں گر گئیں، جنوبی افریقہ رانچی ٹیسٹ میں شکست کے دہانے پر

21 اکتوبر 2019
جنوبی افریقہ بلے باز ڈین پیڈٹ کے رن آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ بلے باز ڈین پیڈٹ کے رن آؤٹ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے اور جنوبی افریقی ٹیم میچ کے تیسرے دن 16وکٹیں گنوا کر میچ اور سیریز میں کلین سوئپ شکست کے دہانے پر پہنچ گئی ہے۔

رانچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن جنوبی افریقہ نے 9 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو چند رنز کے اضافے سے کپتان فاف ڈیو پلیسی ایک رنز بنانے کے بعد امیش یادو کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد زبیر حمزہ کا ساتھ دینے ٹیمبا باووما آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 91 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا کچھ ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن 107 کے مجموعے پر دونوں کھلاڑی بالترتیب 62 اور 32 رنز بنانے یکے بعد یدگرے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے جیورج لِنڈے نے 37 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن بقیہ بلے باز ان کا ساتھ نہ نبھا سکے اور پوری جنوبی افریقی ٹیم 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے امیش یادو تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد شامی، شہباز ندیم اور رویندرا جدیجا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 335 رنز کے خسارے سے دوچار ہوئی اور بھارت کے کپتان ویرات کوہلی نے فالو آن کرانے کا فیصلہ کیا۔

فالو آن کے بعد بھی جنوبی افریقی اننگز کا آغاز کچھ مختلف نہ تھا اور 10 رنز پر کوئنٹن ڈی کوک اور زبیر حمزہ دونوں پویلین لوٹ چکے تھے۔

کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ایک مرتبہ پھر مایوس کیا اور باووما بھی اننگز میں خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکے جس کے بعد 22 رنز پر 4 جنوبی افریقی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

ابھی جنوبی افریقی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اوپننگ بلے باز ڈین ایلگر امیش یادو کی گیند سر پر لگنے کے سبب ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین واپس لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔

چائے کے وقفے کے بعد ہنری کلاسن سے بھی ساتھی کھلاڑیوں کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ آؤٹ ہو کر محمد شامی کی تیسری وکٹ بن گئے۔

36 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد جیورج لِنڈے اور ڈین پیڈٹ نے 31 رنز جوڑ کر وکٹ گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک دیا لیکن اس موقع پر لنِڈے رن آؤٹ ہو کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

لنڈے 27، ڈین پیڈٹ 23 اور کگیسو ربادا 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تھیونس ڈی برون 30 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

جب میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ اپنی دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 203 رنز درکار ہیں۔

بھارت نے روہت شرما کی ڈبل سنچری کی بدولت پہلی اننگز 497رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

یاد رہے کہ بھارت کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور یہ میچ جیت کر بھارتی ٹیم سیریز میں کلین سوئپ کر لے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں