اینجلینا جولی کی 'میلیفسنٹ' تعریفوں کے باوجود باکس آفس پر پیچھے

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2019
فلم 18 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی — فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 18 اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی — فوٹو/ اسکرین شاٹ

ہولی وڈ کی کامیاب اداکارہ اینجیلینا جولی کی فلم 'میلیفسنٹ: مسٹرس آف ایول' کی ریلیز کا انتظار مداحوں کو طویل عرصے سے تھا، جسے آخر کار رواں ماہ ریلیز کردیا گیا۔

البتہ جتنا انتظار مداحوں کو فلم کا تھا، اتنا بزنس یہ فلم باکس آفس پر کرنے میں ناکام ثابت ہوئی۔

لاس اینجلس ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ریلیز کے پہلے ہفتے میں اینجیلینا کی کامیاب فلم 'میلیفسنٹ' کے سیکوئل نے امریکا میں صرف 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

جبکہ دنیا بھر میں اس فلم نے 11 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کمائے۔

فلم کو 18 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے بجٹ پر تیار کیا گیا تھا، اس لیے اس کی ایک ہفتے کی کمائی کو مایوس کن سمجھا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: 'میلیفسنٹ' میں انجلینا جولی کی نئی دنیا متعارف

'میلیفسنٹ: دی مسٹرس آف ایول' کو ریلیز کے بعد تجزیہ کاروں کا ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔

یاد رہے کہ فلم 'میلیفسنٹ' 2014 میں ریلیز ہوئی تھی، جو ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلم 'سلیپنگ بیوٹی' کا منفرد لائیو ایکشن ریمیک تھا۔

اس فلم نے ریلیز کے پہلے روز ہی امریکا میں 6 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کمائے تھے جبکہ دنیا بھر میں 75 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

فلم 'میلیفسنٹ' کی کامیابی کے باعث مداح اس کا سیکوئل دیکھنے بھی سینما گھر پہنچنے، سوشل میڈیا پر کئی صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلم بہترین ہے، البتہ تجزیہ کاروں نے اس کا غلط تجزیہ کیا۔

اینجیلینا جولی کی فلم کو باکس آفس پر رواں سال ریلیز ہونے والی کامیاب فلم 'جوکر' کے باعث بھی سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گزشتہ ماہ ریلیز ہونے کے باوجود فلم 'جوکر' اب تک سینما گھروں میں شائقین کی پہلی پسند بنی ہوئی ہے۔

البتہ رپورٹس کے مطابق ریلیز کے دوسرے ہفتے 'میلیفسنٹ: دی مسٹرس آف ایول' کچھ بہتر بزنس کرتی نظر آرہی ہے۔

'میلیفسنٹ: دی مسٹرس آف ایول' کی کہانی مصنف لنڈا ولورٹن نے تحریر کی ہے جبکہ اس کی ہدایات جوئچم روننگ نے دی۔

یاد رہے کہ 1959 کی ڈزنی کی کامیاب کارٹون فلم ’سلیپنگ بیوٹی‘ کی کہانی میں جادوگرنی کا کردار منفی تھا جسے 2014 کی فلم کے لیے تبدیل کرکے مثبت بنادیا گیا۔

جبکہ رواں ماہ ریلیز ہونے والے سیکوئل مین اینجلینا جولی دوبارہ ولن کا کردار نبھاتی نظر آئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں