عدنان صدیقی کا منفرد انداز میں پاک فوج کو خراج تحسین

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2019
عدنان صدیقی — فوٹو/ انسٹاگرام
عدنان صدیقی — فوٹو/ انسٹاگرام

یہ تو سب ہی جانتے ہیں کہ عدنان صدیقی ایک بہترین اداکار ہیں، لیکن اداکاری کے ساتھ ساتھ انہیں موسیقی پر کتنا کمال حاصل ہے، اس کا بات کا اندازہ مداحوں کو 2 سال قبل ہوا تھا۔

2017 میں گلوکار بلال خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں وہ 'میں تینو سمجھاواں' گانے کی گلوکاری کررہے تھے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

البتہ مداحوں کو حیرانی اس وقت ہوئی تھی جب انہوں نے عدنان صدیقی کو اس ویڈیو میں بانسری بجاتے دیکھا۔

یہ بھی دیکھیں: بانسری بجاتے عدنان صدیقی کی ایک اور شاندار پرفارمنس

اس کے بعد سے عدنان صدیقی نے خود اپنے اس ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لاتے ہوئے کئی ویڈیوز شیئر کیں جبکہ ان کی گزشتہ سال عید کے موقع پر سامنے آئی ایک ویڈیو بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔

اس ویڈیو میں عدنان صدیقی نے عاطف اسلم کے گانے 'دل دیاں گلاں' کی دھن پر بانسری بجائی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

اور اب عدنان صدیقی نے اپنی ایک اور ویڈیو شیئر کردی، جس میں وہ افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے نظر آئے۔

اداکار نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ 'میں تمام پاکستانیوں کی جانب سے پاک فوج کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جو اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ہماری حفاظت کرتے ہیں تاکہ ہم اپنے گھروں میں آرام سے سو سکیں'۔

اس ویڈیو میں عدنان صدیقی نے 'اے راہ حق کے شہیدوں' نغمے کی دھن پر بانسری بجائی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو شیئر کرنے کے ساتھ اداکار نے لکھا کہ 'اے راہ حق کے شہیدوں، اس ملی نغمے کو اصل میں نسیم بیگم نے پڑھا تھا، جس کے بعد میڈم نور جہاں نے بھی اسے گایا، میں جب یہ سنتا ہوں میری آنکھ میں آنسو آجاتے ہیں، وہ بےلوث خدمات جو ہمارے فوجی جوان کرتے ہیں ان کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا، ہم میں سے ناجانے کتنے لوگوں کو اس بات کا اندازہ ہوگا کہ اگر ہم سکون میں ہیں تو اس کی ایک وجہ ہمارے فوجی جوان ہیں جو دن رات ملک کی حفاظت کررہے ہیں'۔

عدنان صدیقی نے مزید لکھا کہ 'میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور اس گانے کے ذریعے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آندھی آئے یا طوفان وہ اپنی ذمہ داریوں سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے'۔

واضح رہے کہ حال ہی میں حمزہ علی عباسی نے بھی قومی ترانے پر پرفارم کیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔

عدنان صدیقی اس وقت 'میرے پاس تم ہو' نامی ڈرامے میں کام کررہے ہیں، جس میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں