پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اس وقت شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔ حکومت کے پہلے مالی سال کے اختتام پر جو اعداد و شمار سامنے آئے ان پر معاشی تجزیہ کار انگشت بہ دندان ہیں۔

موجودہ حکومت کے مالی نظم و نسق پر تنقید بڑھتی چلی جارہی ہے۔ مالی سال کے اختتام پر بجٹ خسارہ جی ڈی پی کا 8.9 فیصد یا 3.44 ہزار ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے جو ملکی معاشی تاریخ میں سب سے بڑا خسارہ ہے۔

وفاقی بجٹ خسارے میں سب سے بڑا خسارہ ان کاروباری اداروں کا ہے جنہوں نے ملکی خزانے میں اپنا حصہ ڈالنا تھا مگر معاملہ الٹا ہوا اور اب یہ سب ادارے خزانے پر بوجھ بن گئے ہیں۔

حکومت کے کاروباری اداروں نے ملکی دفاعی بجٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 1622 ارب روپے کا مجموعی خسارہ کیا ہے۔ ملکی خزانے پر بوجھ بنے ہوئے ان اداروں کا جائزہ لیا جائے تو پتا چلتا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ریلوے، قومی پرچم بردار فضائی کمپنی پی آئی اے، پاکستان اسٹیل ملز ملکی معیشت پر اربوں روپوں کا بوجھ ڈال رہے ہیں۔

اب اس خسارے کو پورا کرنے کے لیے کاروباری اداروں نے گزشتہ مالی سال کے دوران 329 ارب روپے سے زائد کا قرض لیا جو مجموعی بینکاری قرضوں کا 36 فیصد ہے۔

کاروباری اداروں کے خسارے میں جانے کا الزام پی ٹی آئی کو نہیں دیا جاسکتا ہے، کیونکہ یہ ادارے تو گزشتہ 40 برسوں سے نقصان میں چلے آرہے ہیں۔ ہاں مگر یہ ضرور ہے کہ پی ٹی آئی جب حکومت میں آئی تو اس کا سب سے پہلا نعرہ کرپشن کا خاتمہ تھا، تاہم اس کے باوجود ریاست کے اداروں کے خسارے میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔

لہٰذا ایسے ادارے جنہیں گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹھیک نہ کیا جاسکا ہو انہیں فروخت کردینا ہی بہتر ہے اور اس کے لیے پاکستان میں نجکاری کی ایک مکمل وزارت موجود ہے۔

نواز شریف کے وزیرِاعظم بننے کے بعد 90ء کی دہائی میں اداروں کی مکمل فروخت کا عمل شروع ہوا اور 1991ء سے لے کر اب تک ریاست کے 173 کاروباری اداروں کو فروخت کیا جاچکا ہے۔

پاکستان اسٹیل ملز نے قومی خزانے پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا ہے
پاکستان اسٹیل ملز نے قومی خزانے پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا ہے

اس پورے عمل سے حکومتوں کو 650 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں۔ حکومتِ پاکستان اب تک بینک، توانائی، ٹیلی کمیونی کیشن، آٹو موبائل، سیمنٹ، کیمیکلز، انجینئرنگ، فرٹیلائزر، گھی، معدنیات، چاول، روٹی پلانٹس، ٹیکسٹائل، اخبارات، سیاحت، سے متعلق اداروں کو فروخت کرچکی ہے۔ اداروں کی فروخت سے ملنے والی رقم کو قانون کے تحت 90 فیصد قرضوں کی واپسی اور 10 فیصد تحفیف غربت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سرکاری اداروں کی فروخت کے لیے فیصلہ سازی بھی ہمہ جہت اور کثیر السطحی مرحلہ ہے۔ ریاست اگر اپنے کسی کاروباری ادارے کو فروخت کرنا چاہتی ہے تو وہ سب سے پہلے اس حوالے سے تفصیلات متعلقہ ادارہ یا وزارت کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کو فراہم کرتی ہے۔ جس کے بعد یہ معاملہ کابینہ کے پاس جاتا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد معاملہ نجکاری کی وزارت سے ہوکر نجکاری بورڈ میں آتا ہے۔ لیکن اگر کوئی بھی ادارہ وفاقی قانون سازی کی فہرست کے حصہ دوئم یا شیڈول ٹو میں ہو تو اس کا فیصلہ مشترکہ مفادات کی کونسل میں کیا جاتا ہے۔ اسٹیل مل کی مثال ہمارے سامنے ہے۔

آئی ایم ایف سے قرض سے متعلق پاکستانی معاہدے اور محمد میاں سومرو کی بطور وفاقی وزیر برائے نجکاری تعیناتی کے بعد نجکاری کے عمل میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔ اس حوالے سے کراچی میں ایک روڈ شو کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں سرمایہ کاروں کو نجکاری کی فہرست میں شامل کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ سیکریٹری وزارتِ نجکاری رضوان ملک نے اپنی تفصیلی بریفنگ میں یہ بتانے کی کوشش کی کہ حکومت نجکاری کے عمل میں کس قدر سنجیدہ ہے۔ اس بریفنگ میں میاں سومرو کے علاوہ نجکاری بورڈ کے اراکین بھی موجود تھے۔

آج کل حکومت کے حامی نظر آنے والے ایک معاشی تجزیہ کار کا اس روڈ شو کے بعد کہنا تھا کہ رواں مہینے آنے والے آئی ایم ایف کے وفد کے پیش نظر اس روڈ شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس وقت بھی حکومت نجکاری کے لیے زیادہ سنجیدہ نہیں ہے۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ نجکاری کے عمل کا آغاز بے نظیر بھٹو نے پی آئی اے کے حصص کی فروخت سے کیا تھا
پاکستان میں پہلی مرتبہ نجکاری کے عمل کا آغاز بے نظیر بھٹو نے پی آئی اے کے حصص کی فروخت سے کیا تھا

وزارتِ نجکاری اور نجکاری بورڈ کے مطابق گزشتہ دورِ حکومت میں قائم کیے جانے والے 2 بجلی کے پیداواری یونٹس ’بلوکی‘ اور ’حویلی بہادر شاہ‘ کی اسٹریٹجک نجکاری کی جارہی ہے جو دنیا میں اس وقت سب سے کارآمد پاور پلانٹس ہیں۔

اس کے علاوہ سروسز ہوٹل لاہور، ایس ایم ای بینک، جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد، حکومتی اداروں کی 32 جائیدادیں فروخت کے لیے موجود ہیں، جبکہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرنے کے بعد فروخت کیا جائے گا۔

نجکاری کے دوسرے مرحلے میں گدو پاور پلانٹ، نندی پور پاور پلانٹ، فرسٹ ویمن بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان ری انشورنس، ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس، پاکستان انجینئرنگ، سندھ انجیئنرنگ شامل ہیں۔ جبکہ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی کے 7 فیصد اور پاکستان پیٹرولیم کے 10 فیصد حصص اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کیے جائیں گے۔

حکومت کی یہ نجکاری پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے، کیونکہ اس وقت پاکستان میں اسٹاک مارکیٹ بُرے وقت سے گزر رہی ہے ، 100 انڈیکس 53 ہزار کی سطح سے گر کر 33 ہزار کی سطح پر آگیا ہے اور محض چند دن کی تیزی کی بنیاد پر 2 اہم کمپنیوں او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے حصص اسٹاک مارکیٹ میں فروخت کرنے کی بات کی جارہی ہے۔

ایسے میں یہ خدشہ ہے کہ حکومت کو نجکاری سے مطلوبہ رقم حاصل نہیں ہوسکے گی۔

وفاقی وزیرِ نجکاری محمد میاں سومرو نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ حکومت کا مقصد محض اداروں کی فروخت نہیں بلکہ بہت سے شعبوں پر سے حکومتی اجارہ داری کو ختم کرنا ہے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اوجی ڈی سی ایل اور پی پی ایل کے حصص کے ساتھ ساتھ ان کے پاس موجود بلاکس کو بھی فروخت کردیا جائے گا۔ (یعنی مکمل کمپنی کے ساتھ ساتھ اداروں کو توڑ توڑ کر منافع بخش حصے فروخت کردیے جائیں گے۔)

اگر نجکاری کمیشن کی برائے فروخت اداروں کی فہرست کا موازنہ ان اداروں کی فہرست سے کیا جائے جو بجٹ پر سب سے زیادہ بوجھ ہیں تو ان میں سے کوئی بھی ادارہ نجکاری کی فہرست میں نظر نہیں آتا ہے۔

پہلے مرحلے میں جن اداروں کی نجکاری کی جائے گی اس فہرست میں اگرچہ پاکستان اسٹیل ملز موجود تو ہے مگر حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ادارے کو بحال کرنے کے بعد نجی شعبے کے حوالے کیا جائے گا۔ اس حوالے سے چند ہفتے قبل وفاقی مشیر برائے تجارت اور صنعت و پیداوار عبدالرزاق داؤد سے ملاقات ہوئی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کو فروخت کرنے کے بجائے لیز پر دیا جائے گا۔

سرمایہ کاروں کی جانب سے نقصان میں چلنے والے اداروں سے متعلق سوال پر وزارتِ نجکاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان اداروں کو نجکاری کی فہرست سے نکال دیا ہے اور ان کو پہلے بحال کیا جائے گا اور پھر ان کی نتظیمِ نو کی جائے گی۔

پی آئی اے نے اپنا بحالی پروگرام پیش کردیا ہے، جس کے تحت ایئر لائن کے طیاروں میں اضافہ کیا جائے گا۔ تاہم ایئر لائن پر چڑھے قرضوں، انتظامی ڈھانچے کو جدید بنانے اور اضافی افرادی قوت سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ پی آئی اے کی بحالی سے متعلق تفصیلی تحریر پہلے ہی شائع ہوچکی ہے۔

پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے متعلق بھی وزیرِاعظم نے ندیم بابر کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی تھی جس نے تجویز کیا ہے کہ ڈسکوز کی فروخت سے قبل ان کی تنظیمِ نو اور ان کے نقصانات میں کمی کی جائے گی۔ یہی نہیں بلکہ انہیں جدید انتظامی ڈھانچہ بنایا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو ان کے حجم میں کمی کرنے بعد فروخت کیا جائے گا۔

اس لیے بس یہاں حیرت ہی کی جاسکتی ہے کہ قومی خزانے پر بوجھ بنے ہوئے پی آئی اے، اسٹیل ملز، ریلوے، ڈسکوز اور این ایچ اے جیسے اداروں کی نجکاری نہیں کی جارہی جبکہ بلوکی، حویلی بہادر شاہ، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل جیسے منافع بخش اداروں کے ساتھ ساتھ قیمتی جائیداد کو بھی فروخت کیا جارہا ہے۔ یہ وہ تمام ادارے اور جائیدادیں ہیں جن کے لیے خریدار ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں یہ ادارے حکومت کو اچھا منافع بھی دے رہے ہیں۔

موجودہ حکومت کی نجکاری پالیسی سال 2000ء سے 2007ء تک اپنائی جانے والی پالیسی کا عکس نظر آتی ہے، جس میں خسارے میں چلنے والے اداروں کے بجائے منافع بخش اداروں کی فروخت پر توجہ دی گئی جس سے حاصل ہونے والی رقم سے بجٹ خسارے کو کم کرنے میں مدد ملی تھی۔ شاید اب بھی ایسا ہی کیا جارہا ہے۔

تبصرے (6) بند ہیں

Johnny Oct 30, 2019 10:18pm
Real bad decision.
منظر Oct 31, 2019 05:20am
You can sell only what people are willing to buy.
کاشف حیدر Oct 31, 2019 07:11am
بیڈ گورننس کی وجہ سے جو ادارے اپنے پیروں پر ایک دہائی سے کھڑے ہونے میں ناکام ہو رہے ہوں تو انہیں ہی پرائیویٹائزیشن میں دینا چاہیے۔ لیکن جو فیصلے ہوتے ہیں وہ زیادہ تر غیر منطقی نظر آتے ہیں۔ کبھی کبھار تو لگتا ہے کہ گھر کی ہانڈی چولہا برتن بھی بیچنے کی تیاری ہے۔ پھر عادمی یہی کہتا ہے کہ یہ'بااثر' لوگ اور ان کے گھر والوں نے تو باہر ملک ہی رہنا ہوتا ہے، تو اُنہیں اس ملک کے مفاد کی کیا پرواہ۔
Khalid H. khan Oct 31, 2019 09:42am
As you mentioned about PTI 1st year economic crisis so its totally unfair, what about our 10-15 years judgement. It was reported in IMF & bbc news that during the last years of PMLN govt 2016-2017 Pakistan was in severe economic crisis and it was recommended for Pakistan to barrow and go to IMF loan and recover financially but they did not take decision, results all the problems came to new government. Loss OR profit is not the privatization criteria but you have to look people resistance too. I have seen whenever government initiated privatization of PIA WAPDA Railways Steel mill etc people come to roads on heavy strike, obviously all people blamed government. The last thing is first govt will make profitable any firm before privatization as you know who is buying loss or problems...
انعام Oct 31, 2019 11:05am
خسارے میں جانے والے ادارے کوئی نہیں خریدتا اور کسی منافع بخش سرکاری ادارے کی خسارے میں بدلنا بہت آسان ہے۔ جتنی جلدی ہو سکے، ان اداروں کو فرخت کر دیا جائے۔ حکومت کا کام قانون سازی اور قانون پر علم درآمد ممکن بنانا ہے، کاروبار کرنا نہیں۔
فراز احمد خان Nov 02, 2019 05:16pm
اچھی نشاندہی کی گئی ہے