موٹرولا کے فولڈایبل ریزر فون کی مزید تصاویر سامنے آگئیں

01 نومبر 2019
ممکنہ فولڈ ایبل موٹو ریزر — فوٹو بشکریہ ایون بلاس
ممکنہ فولڈ ایبل موٹو ریزر — فوٹو بشکریہ ایون بلاس

گزشتہ روز موٹرولا نے پہلے فولڈ ایبل ریزر فون کی آفیشل تصاویر سامنے آئی تھیں اور آج اس ڈیوائس کی مزید فوٹوز بھی پوسٹ کردی گئی ہیں۔

جمعرات کو اسمارٹ فونز کمپنیوں کی تفصیلات اور تصاویر لیک کرنے کے حوالے سے مشہور ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے موٹرولا کے فولڈ ایبل ریزر فون کی پہلی جھلک پوسٹ کی تھی اور اب انہوں نے ہی اس کی مزید تصاویر کو لیک کیا ہے۔

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ان تصاویر سے فون کے پورا ڈیزائن سامنے آگیا ہے۔

یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ فون فلپ یا بند ہونے کی شکل میں کیسا ہوگا اور اس کا سیلفی کیمرا کس طرح کام کرے گا یا سیکنڈری ڈسپلے کیسا ہوگا۔

یہ فون 2003 کے ریزر وی 3 سے ملتا جلتا ہے اور اس کو اب نئی شکل میں واپس متعارف کرایا جارہا ہے، جس کو بند کرنے پر ایک چھوٹی اسکرین پر وقت اور تاریخ دیکھنا ممکن ہوگی جبکہ سنگل مین کیمرے کے لیے ویو فائنڈر کے طور پر ھبی کام کرے گی۔

فوٹو بشکریہ ایون بلاس
فوٹو بشکریہ ایون بلاس

فوٹو بشکریہ ایون بلاس
فوٹو بشکریہ ایون بلاس

فوٹو بشکریہ ایون بلاس
فوٹو بشکریہ ایون بلاس

ایک اور تصویر میں اسے پوری طرح کھلا ہوا یا ان فولڈ دکھایا گیا ہے۔

اس تصویر سے عندیہ ملتا ہے کہ فون کی اسکرین درمیان سے بند ہوتی ہے اور کھلنے کے بعد یہ 6.2 انچ ڈسپلے کی شکل اکتیار کرلیتا ہے۔

اس کے نچلے حصے میں فولڈنگ میکنزم موجود ہوگا جبکہ فنگرپرنٹ ریڈر بھی وہاں نظر آرہا ہے۔

فوٹو بشکریہ ایون بلاس
فوٹو بشکریہ ایون بلاس

گزشتہ روز ایک ڈچ سائٹ نے اس فون کے فیچرز بھی ایک رپورٹ میں بتائے تھے جس کے مطابق اس فون میں اسنیپ ڈراگون 710 پراسیسر، 4 سے 6 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی جائے گی جبکہ 2730 ایم اے ایچ بیٹری ہوگی۔

اس سے پہلے لیکس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس کی قیمت ڈیڑھ ہزار ڈالرز تک ہوگی جبکہ فلپ فولڈ ایبل فون کھلنے پر 6.2 انچ ڈیوائس کی شکل اختیار کرے گا۔

ریزر فولڈ ایبل فون 13 نومبر کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے کیونکہ کمپنی نے اس تاریخ کو لاس اینجلس میں ایک ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کررکھا ہے۔

اس دعوت نامے میں یہ تو ذکر نہیں کہ فولڈ ایبل ریزر فون متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے متن کا مطلب یہی بنتا ہے کہ کلاسیک فون کو نئے طرز میں متعارف کرایا جارہا ہے۔

اب تک سام سنگ گلیکسی فولڈ اور ہواوے میٹ ایکس ایسے فولڈ ایبل فونز ہیں جن کو متعارف کرایا جاچکا ہے، جن میں سے سام سنگ کا فون مختلف ممالک میں دستیاب ہے جبکہ ہواوے کا فون چین میں پیش کیا جاچکا ہے دیگر ممالک میں آئندہ چند ہفتوں میں متعارف ہونے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں