محض ایک برگر کے لیے نوجوان قتل

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2019
فوٹو/ شٹراسٹاک
فوٹو/ شٹراسٹاک

امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر نوجوان کو چاقو کے وار سے قتل کردیا گیا۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق پرنس جارج کاؤنٹی پولیس اسٹیشن کے اہلکار نے رپورٹرز کو بتایا کہ 28 سالہ کیون ڈیوس نامی نوجوان ریسٹورنٹ میں داخل ہوا جسے اپنے چکن برگر کے لیے ساس لینا تھا، جس کے بعد اس نے آرڈر کے لیے لگی لائن توڑ کر آگے جانے کی کوشش کی اور یہ سلسلہ 15 منٹ تک جاری رہا۔

اس دوران لائن میں کھڑے دوسرے نوجوان نے ڈیوس سے جھگڑا شروع کردیا، جس کے بعد یہ دونوں ایک دوسرے سے بحث کرتے رہے۔

مزید پڑھیں: بھارت: ریسٹورنٹ مالک سے الجھنے پر دَلت نوجوان پر برہنہ کرکے تشدد

پولیس نے مزید بتایا کہ کچھ دیر بعد یہ دونوں نوجوان ریسٹورنٹ سے باہر آئے تو دوسرے نوجوان نے ڈیوس کو چاقو کا وار کرکے قتل کردیا۔

پولیس چیف ہینک سٹیونسکی نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹرز کو بتایا کہ انہیں یہ بات سمجھ نہیں آرہی کہ ایک برگر پر شروع ہوئی بحث کے بعد صرف 15 سیکنڈ میں اس نوجوان کو کیسے قتل کردیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ڈیوس کو اس واقعے کے فوری بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم انہوں نے ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ دیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو دیکھ کر پولیس نے بتایا کہ چاقو سے وار کرنے والا نوجوان اس واقعے کے فوری بعد ایک خاتون کے ساتھ ریسٹورنٹ سے بھاگ نکلا جبکہ ان دونوں کو اکٹھے گاڑی میں جاتے دیکھا گیا۔

ان دونوں کی تصاویر بھی میڈیا میں جاری کردی گئی ہیں جبکہ خاتون کو تحقیقات کے لیے ڈھونڈا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں