مٹیاری: نیشنل ہائی وے پر بس نے چنگ چی کو کچل دیا، 11 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2019
حادثے میں ہلاک افراد کا تعلق کھوسو اور کوہلی برادری سے تھا — فوٹو: محمد حسین خان
حادثے میں ہلاک افراد کا تعلق کھوسو اور کوہلی برادری سے تھا — فوٹو: محمد حسین خان

صوبہ سندھ کے ضلع مٹیاری کے علاقے سعید آباد کے نزدیک نیشنل ہائی وے پر سڑک حادثے میں 11 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

مٹیاری پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آصف بوگھیو کا کہنا تھا کہ 'پنجاب سے آنے والی تیز رفتار کوچ نے کسانوں کو لے کر جانے والے چنگ چی رکشے کو کچل دیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'واقعہ جمعرات کی علی الصبح پیش آیا جبکہ بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو پولیس نے مقامی ہسپتال منتقل کیا جہاں سے بعد ازاں 5 زخمیوں کو بینظیر آباد ضلع کے سرکاری ہسپتال لے جایا گیا۔

مزید پڑھیں: چترال: مسافر کوچ کو حادثہ، خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق

— فوٹو: محمد حسین خان
— فوٹو: محمد حسین خان

پیر بخش کھوسو گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسان مٹیاری میں کیلے کے کھیت میں کام کرنے جارہے تھے اور ان کا تعلق کھوسو اور کوہلی برادری سے تھا۔

واقعے میں ہلاک افراد کی شناخت شمشاد، شیر، مجنو، عمران، ارشاد، والو، جمیل، کانو، تماچی، رامو اور جامو کے نام سے ہوئی۔

واقعے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ شاہراہوں پر اکثر تیز رفتاری اور ڈارئیورز کی غفلت کے باعث حادثات پیش آتے رہتے ہیں جو جان لیوا ثابت ہوتے ہیں۔

روڈ سیفٹی کے اعتبار سے بدترین ملک

رواں برس کے آغاز میں حکومتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر پانچ منٹ کے دوران روڈ حادثے کا شکار ہوکر ایک شخص یا تو زندگی کی بازی ہار جاتا ہے یا پھر وہ شدید زخمی ہوکر معذور بن جاتا ہے۔

وزارت مواصلات کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں روڈ حادثے کے شکار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوجاتے ہیں، جب کہ روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہترین ممالک وہ ہیں جہاں حادثے کے شکار افراد 30 دن کے اندر انتقال کرجاتے ہیں۔

روڈ سیفٹی پروجیکٹ رپورٹ کے مطابق صرف سال 2016 میں ہی پاکستان بھر میں 6 ہزار 548 افراد روڈ حادثے کے وقت جائے وقوع پر ہی چل بسے، حیران کن بات یہ ہے کہ ان اموات میں سے 6 ہزار 3 اموات صوبائی حکومتوں کے ماتحت روڈز جبکہ 355 نیشنل ہائی ویز اور 190 اموات موٹر ویز پر ہوئیں۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق پاکستان میں ہر 10 لاکھ افراد میں سے 14 افراد روڈ حادثات کے باعث جاں بحق ہوجاتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں