کراچی: کرتارپور راہداری کے افتتاح اور بابری مسجد فیصلے کے بعد دنیا بھر میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہندو مسلم بھائی بھائی کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی سپریم کورٹ نے پاکستان میں کرتار پور راہداری کے افتتاح سے قبل ایودھیا کیس کا فیصلہ سنایا تھا۔

ایک جانب صارفین نے #KartarpurCorridor کے استعمال سے پاک-بھارت تعلقات کے درمیان مستقبل میں تعاون کی امید کی جبکہ دوسری جانب #AyodhyaVerdict سے خطے میں موجود پرتشدد فرقہ وارانہ دشمنیوں کی یاد بھی دلائی گئی۔

'ایودھیا ورڈکٹ' دنیا بھر میں 6 لاکھ ٹوئٹس کے ساتھ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل تھا جب کہ 'کرتار پور کوریڈور' 86 ہزار ٹوئٹس کے ساتھ دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ٹرینڈ کررہا تھا۔

پاکستان میں سیکڑوں بھارتی سکھ یاتریوں کی تاریخی آمد پر متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا، بیلارس، کینیڈا، جرمنی، اومان، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، برطانیہ اور امریکا میں کرتارپور کوریڈور ہیش ٹیگ کے تحت ٹوئٹس کیے گئے۔

امن اور تنازع کی تحقیق سے متعلق ایسوسی ایٹ پروفیسر اشوک سوین نے کہا کہ 'کم از کم ایک ملک اپنے بابائے قوم کو سننے کی کوشش کررہا ہے'۔

بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد 'مندر وہیں بنے گا' بھارت میں ٹرینڈ کررہا تھا، اسی دوران 'ہندو مسلم بھائی بھائی' ہیش ٹیگ بھی ٹاپ ٹرینڈز میں دیکھا گیا جس میں صارفین نے ایودھیا کے فیصلے میں مذہبی تعصب پسندی دکھانے پر تنقید کی تھی۔

بھارتی سیاست اور میڈیا سے متعلق مواد شائع کرنے والے بھارتی پیج کے ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا کہ 'فیصلے کے علاوہ آج کا دن تاریخی ہوگا، آئیں یقینی بنائیں کہ تاریخ ہمیں امن اور ہم آہنگی کے ایجنٹس کے طور پر یاد رکھے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہم نفرت کا مقابلہ بہت اور اتحاد سے کریں'۔

جس کے بعد یہ ہیش ٹیگ دنیا بھر میں ٹرینڈ کررہا تھا اور یو اے ای، بیلارس، بھارت، پاکستان اور امریکا سے 35 ہزار سے زائد ٹوئٹس کیے گئے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کرتارپور راہداری کا افتتاح اور ایودھیا کا فیصلہ اسی دن سنایا گیا جب جرمنی دیوار برلن گرائے جانے کے 30 سال مکمل ہونے کا جشن منا جارہا تھا۔

صارف نے ٹوئٹ کیا کہ اس دن دیوار برلن کو گرایا جانا شروع کیا گیا تھا اب آئیں اور فرقہ وارانہ نفرت کی دیوار توڑیں اور دنیا کو ثابت کریں کہ ایک متحد بھارت کیا کرسکتا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں اقبال ڈے کی مناسبت سے ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کررہا ہے جو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علامہ اقبال کی خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں