ٹی 20 سیریز: بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 14 نومبر 2019
بھارت کو سیریز کے پہلے میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:آئی سی سی ٹویٹر
بھارت کو سیریز کے پہلے میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا—فوٹو:آئی سی سی ٹویٹر

بھارت نے بنگلہ دیش کو تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے آخری میچ میں 30 رنز سے باآسانی شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

بھارت کے شہر ناگپور میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ کا ٹاس بنگلہ دیشی کپتان محموداللہ نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے غلط ثابت ہوا۔

بھارت کے قائم مقام کپتان روہت شرما کو شفیع الاسلام نے 2 رنز پر آؤٹ کرکے میچ کو اچھا بنانے کی کوشش کی تھی جو اس وقت مزید بہتر ہوئی جب شیکھر دھون 19 رنز بنا کر شفیع الاسلام کی وکٹ بن گئے۔

کے ایل راہول اور شیریاس آئر نے شان دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور بھارت کا اسکور 94 رنز تک پہنچایا، اس وقت راہول 52 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

شیریائس آئر 144 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے جبکہ پانٹ 6 رنز بنا سکے جس کے بعد پانڈے نے آؤٹ ہوئے بغیر 22 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 174 رنز کا اسکور سجایا۔

مزید پڑھیں:روہت شرما کی جارحانہ بیٹنگ، بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست

شفیع الاسلام اور سومیا سرکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کے نوجوان بلےباز محمد نعیم کی 81 رنز کی ایک شان دار اننگز بھی ان کو شکست سے نہ بچا سکی جبکہ لٹن داس اور سومیا سرکار ابتدائی اوورز میں آؤٹ ہوگئے۔

محمد متھن نے 27 رنز بنا کر نعیم کا ساتھ دینے کی کوشش کی جس کو چاہر نے ناکام بنادیا، متھن کے آؤٹ ہوتے ہی بنگالی بلے بازوں کی قطار لگ گئی اور مشفق الرحیم صفر، محموداللہ 8، عفیف حسین صفر اور امین الاسلام 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کے دیگر بلے بازوں کی ناقص اور غیر ذمہ دارانہ بلے بازی کے باعث محمد نعیم کی 81 رنز کی اننگز بھی رائیگاں گئی جس کے لیے انہوں نے 48 گیندوں کا سامنا کر کے 10 چوکے اور 2 چھکے جوڑے تھے۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم آخری اوور میں 144 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میزبان بھارت نے میچ 30 رنز سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

دیپک چاہر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش نے بھارت کو سیریز کے پہلے میچ میں شکست دی تھی جو ان کی بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں پہلی کامیابی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں