کیٹی پیری ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کے فائنل میں عالمی ریکارڈ بنانے کو پرعزم

13 نومبر 2019
کیٹی پیری پہلی بار کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پرفارمنس کریں گی—اسکرین شاٹ/ زمبیو ویڈیو
کیٹی پیری پہلی بار کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پرفارمنس کریں گی—اسکرین شاٹ/ زمبیو ویڈیو

ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کرکٹ کپ یوں تو آئندہ برس فروری میں شروع ہوگا، تاہم شائقین ابھی سے ہی اس کے ٹکٹ خریدنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔

ویمن ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ اس بار آسٹریلیا میں 21 فروری کو شروع ہوگا جو 8 مارچ تک جاری رہے گا۔

کرکٹ کپ کا فائنل خواتین کے عالمی دن کے موقع پر 8 مارچ کو میلبرن کے تاریخی اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں اس بار عالمی ریکارڈ بنائے جانے کا امکان ہے۔

کرکٹ کپ کے فائنل میں اس بار زیادہ سے زیادہ شائقین کو میچ دیکھنے کے لیے آنے کی دعوت دی جا رہی تاکہ فائنل اور خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے شیڈول کا اعلان

علاوہ ازیں 8 مارچ کو ویمن ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے موقع پر عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے معروف شوبز شخصیات کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔

گلوکارہ فائنل کے موقع پر دو بار پرفارمنس کریں گی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
گلوکارہ فائنل کے موقع پر دو بار پرفارمنس کریں گی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

اور ان ہی مذاکرات کے تحت اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرکٹ کپ کے فائنل کے موقع پر معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری بھی شاندار پرفارمنس کریں گی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطاق 35 سالہ کیٹی پیری 8 مارچ کو ویمن ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے دوران 2 بار پرفارمنس کریں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیٹی پیری فائنل میچ شروع ہونے سے قبل اور فائنل کے اختتام کے بعد بھی پرفارمنس کریں گی اور انتطامیہ کو امید ہے کہ اس دن ایک نیا عالمی ریکارڈ بنایا جا سکے گا۔

آئی سی سی کے مطابق کرکٹ کونسل، آسٹریلوی حکام اور گلوکارہ چاہتی ہیں کہ ویمن ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے موقع پر زیادہ سے زیادہ شائقین کھیل دیکھنے پہنچیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب تک خواتین کے کسی بھی کھیل کے فائنل کو زیادہ سے زیادہ شائقین کے دیکھنے کا اعزاز فٹ بال کے 1999 میں ہونے والے عالمی کپ کے فائنل کے پاس ہے۔

فیفا ورلڈ کپ ویمن کے 1999 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر پاساڈینا میں ہونے والے فائنل کو 91 ہزار 185 افراد نے دیکھ کر نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

کیٹی پیری پہلی بار کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پرفارم کریں گی—فوٹو: اے ایف پی
کیٹی پیری پہلی بار کرکٹ ایونٹ کے فائنل میں پرفارم کریں گی—فوٹو: اے ایف پی

تاہم اب آئی سی سی، کیٹی پیری اور آسٹریلوی حکام چاہتے ہیں کہ اس بار ایک لاکھ سے زائد افراد میلبورن کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ کر نیا ریکارڈ بنائیں۔

نیا ریکارڈ بنانے کے تحت ہی منتظمین نے اس بار ٹی ٹوئنٹی ویمن کے فائنل کے موقع پر کیٹی پیری کو پرفارمنس کے لیے مدعو کیا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ برس 8 مارچ کو ویمن ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زیادہ شائقین اکٹھے ہوں گے۔

گلوکارہ نے بھی مداحوں سے کرکٹ کے فائنل میں پہنچنے کا کہا ہے—فوٹو: اے ایف پی
گلوکارہ نے بھی مداحوں سے کرکٹ کے فائنل میں پہنچنے کا کہا ہے—فوٹو: اے ایف پی

اس حوالے سے کیٹی پیری نے بھی امید کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ وہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے لیے پر امید ہیں۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ کیٹی پیری آئندہ ہفتے تک پہلی بار بھارت کے دورے پر آئیں گے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اطلاعات ہیں کہ کیٹی پیری رواں ہفتے یا آئندہ ہفتے تک پہلی بار ممبئی پہنچیں گی، جہاں وہ ایک میوزک کنسرٹ میں پرفارمنس کریں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم ساز کرن جوہر ان کی میزبانی کریں گے، علاوہ ازیں متعدد بولی وڈ شخصیات گلوکارہ سے ملاقات کریں گی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں