نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

اپ ڈیٹ 16 نومبر 2019
عمران خان کے مطابق نجکاری کا مقصد سرکاری اداروں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے ان کی ذمہ داری قابل ہاتھوں میں دینا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
عمران خان کے مطابق نجکاری کا مقصد سرکاری اداروں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے ان کی ذمہ داری قابل ہاتھوں میں دینا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کا مقصد نہ صرف قومی خزانے کو ہونے والے نقصان سے بچانا بلکہ ان سرکاری اداروں کی ذمہ داری قابل ہاتھوں میں دینا ہے تاکہ ان کی صلاحیت میں اضافہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خسارہ کرنے والے اداروں کی صرف نجکاری کے ذریعے ان سے جان چھڑانا نہیں چاہتی بلکہ نجکاری کا اصل مقصد قومی خزانے کو خسارے سے بچانا، بہتر نتائج کے حصول کے لیے ان اداروں کو ان کی صلاحیت کے مطابق چلانا اور ملکی معیشت میں ان کی شراکت شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نجکاری کے عمل کی جلد تکمیل سے حکومت کے نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوگا جس سے صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے شروع کیے جاسکیں گے۔

انہوں نے سیکریٹری پرائیویٹائزیشن کمیشن کو خسارے میں جانے والے اداروں کی نجکاری کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا کہا۔

سیکریٹری پرائیویٹائزیشن رضوان ملک نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ اربوں روپے مالیت کے سرکاری اداروں، جن میں حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ بلوکی پاور پلانٹ، ایس ایم ای بینک، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور اور جناح کنونشن سینٹر شامل ہیں، کی نجکاری آخری مراحل ہے۔

وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ گدو پاور پلانٹ، نندی پور پاور پلانٹ، فرسٹ وومن بینک لمیٹڈ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری نے گزشتہ روز ایس ایم ای بینک لمیٹڈ کی نجکاری کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی منظوری دی اور نجکاری کمیشن کو پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ کی نجکاری کے لیے کام کی رفتار تیز کرنے کا کہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں