قومی اسمبلی میں خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق جمع

اپ ڈیٹ 16 نومبر 2019
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی — فائل فوٹو/ڈان
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائی — فائل فوٹو/ڈان

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی۔

ڈان نیوز کو موصول تحریک استحقاق کی کاپی کے مطابق فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے ایوان میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'نواز شریف کو مرنے دیا جائے'۔

مزید پڑھیں: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

ان کا کہنا تھا کہ 'خواجہ آصف نے بحیثیت رکن قومی اسمبلی سچ کو جھٹلایا اور قومی اسمبلی میں یہ بیان دے کر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'خواجہ آصف کے جھوٹے الزام سے پورے ایوان کا تقدس پامال ہوا ہے، غلط بیانی اور سچائی کو جھٹلانے پر ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے'۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے فواد چودھری کی تحریک استحقاق پہ رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری صاحب کہہ رہیں کہ خواجہ آصف نے جھوٹ بولا، جس کی نوکری جھوٹ کی وجہ سے قائم ہو اُس کو کیا معلوم سچ کیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: 'اپوزیشن لیڈر نیب کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں تو وزیراعظم کو بھی کوئی استحقاق نہیں'

ان کا کہنا تھا کہ 'فواد چودھری کا متعدد پارٹیز بدلنے کے بعد جھوٹ کا نیا معیار ہوتا ہے، وہ اپنی وزارت سے متعلق کارکردگی کا کوئی بیان دیں، جھوٹا ہی دیں، دیں تو سہی'۔

انہوں نے کہا کہ 'فواد چودھری جتنا بھی جھوٹ بول لیں انہیں فردوس عاشق اعوان کی کرسی نہیں ملنی'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں