بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص قرار

فوربز نے رواں برس جیف بزوز کو امیر ترین شخص قرار دیا تھا—فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر
فوربز نے رواں برس جیف بزوز کو امیر ترین شخص قرار دیا تھا—فوٹو: فیس بک/ ٹوئٹر

رواں ماہ نومبر کے آغاز میں خبر سامنے آئی تھی کہ عالمی سیاست میں ہلچل کی وجہ سے دنیا بھر کے امیر ترین انسان ایک سال کے دوران 500 ارب روپے کی دولت سے محروم ہوگئے۔

رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ جو امیر ترین افراد اربوں روپے سے محروم ہوئے ہیں ان میں دنیا کے امیر ترین شخص جیف بزوز بھی شامل ہیں یا نہیں۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ ایمازون کے بانی جیف بزوز کی دولت میں کمی ہوگئی اور وہ اب دنیا کے امیر ترین شخص نہیں رہے۔

چند ہفتے تک جیف بزوز 114 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص تھے، تاہم اب ان کی دولت کم ہوکر 109 ارب ڈالر رہ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی سیاست میں ہلچل، ارب پتی افراد 500 کھرب روپے سے محروم

جیف بزوز کے غریب بن جانے کے بعد ایک بار پھر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں اور ان کی دولت میں چند ہفتوں کے دوران 6 ارب ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

بل گیٹس اب امیر ترین شخص بن گئے—فوٹو: اے پی
بل گیٹس اب امیر ترین شخص بن گئے—فوٹو: اے پی

امریکی اقتصادی جریدے ’بلوم برگ‘ کی ارب پتی افراد کی تازہ فہرست میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو 110 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے۔

بلوم برگ کی فہرست سے قبل اقتصادی جریدے ’فوربز‘ کی ستمبر 2019 میں جاری ہونے والی رپورٹ میں ایمازون کے بانی ’جیف بزوز‘ کو دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا تھا۔

فوربز کی رپورٹ میں امریکا کے امیر ترین افراد کی فہرست جاری کی گئی تھی اور اسی ملک کے امیر ترین افراد ہی دنیا کے امیر ترین لوگ بھی ہیں۔

فوربز کی فہرست میں بتایا گیا تھا کہ جیف بزوز کی دولت 114 ارب ڈالر ہے اور وہ دنیا کے امیر ترین شخص ہے۔

اسی فہرست میں بل گیٹس کو 104 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رکھا گیا تھا۔

لیکن اب بلوم برگ کی رپورٹ میں جیف بزوز کو دوسرے اور بل گیٹس کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

جیف بزوز چند ہفتوں میں بل گیٹس سے زیادہ غریب ہوگئے—فوٹو: اے پی
جیف بزوز چند ہفتوں میں بل گیٹس سے زیادہ غریب ہوگئے—فوٹو: اے پی

بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کی دولت بڑھ کر 110 ارب ڈالر ہو چکی ہے اور وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔

فہرست میں جیف بزوز کو 109 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی نژاد نے دولت میں ڈونلڈ ٹرمپ کو پیچھے چھوڑ دیا

تیسرے نمبر پر فرانسیسی شخص برنارڈ ارنالٹ کو رکھا گیا ہے جن کی دولت 103 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو اس فہرست میں دنیا کا پانچواں امیر شخص قرار دیا گیا ہے اور ان کی دولت 74 ارب 50 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔

مارک زکربرگ پانچویں امیر ترین شخص بن گئے—فوٹو: اے پی
مارک زکربرگ پانچویں امیر ترین شخص بن گئے—فوٹو: اے پی

گوگل کے شریک بانی لیری پیج اس فہرست میں ساتویں اور ان کے پارٹنر سرگی برن 8 ویں نمبر پر ہیں۔

دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں 8 امریکی اور 2 یورپی شخص ہیں، دنیا کا تیسرا امیر ترین شخص فرانسیسی جب کہ چھٹا امیر ترین شخص اسپینی ہیں۔

دنیا کے امیر ترین 10 افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، 56 سالہ امریکی خاتون جولیا مارگریٹ فلیشر دنیا کی 10 ویں امیر ترین شخصیت اور دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون قرار پائی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جیف بزوز کا معمولی ملازمت سے دنیا کا دوسرا امیر ترین شخص بننے کا سفر

چینی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما دنیا کے 19 ویں امیر ترین شخص قرار پائے ہیں جب کہ بھارت کے مکیش امبانی دنیا کے 14 ویں امیر ترین شخص قرار پائے ہیں۔

دنیا کے 100 امیر ترین افراد کی اس فہرست میں 4 بھارتی افراد کے نام شامل ہیں جب کہ مشرق وسطیٰ میں سے صرف سعودی عرب کے واحد شہزادہ الولید بن طلال اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

سعودی عرب کے الولید بل طلال دنیا کے 100 ارب پتی افراد میں 98 ویں نمبر پر ہیں۔

خیال رہے کہ بلوم برگ کی اس فہرست میں صرف ان 100 افراد کو شامل کیا گیا ہے جب کہ دولت 13 ارب ڈالر سے زائد ہے اور سعودی عرب کے الولید بن طلال کی دولت 14 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

جولیا مارگریٹ فلیشر دنیا کی امیر ترین خاتون قرار پائیں—فوٹو: اے پی
جولیا مارگریٹ فلیشر دنیا کی امیر ترین خاتون قرار پائیں—فوٹو: اے پی