امریکی طیارہ بغیر اجازت پاکستانی فضائی حدود میں داخل، وارننگ پر واپس

20 نومبر 2019
ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کو واپس جانے پر مجبور کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کو واپس جانے پر مجبور کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پاکستانی فضائی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے والے غیر ملکی طیارے کو واپس جانے پر مجبور کردیا۔

سی اے اے کے ذرائع نے بتایا کہ امریکا کا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا تھا، یہ طیارہ مسقط سے ہوتا ہوا کراچی ریجن میں داخل ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے تمام پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی

تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارے کے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے پائلٹ سے پاکستان میں داخل ہونے کا اجازت نامہ اور کوڈ طلب کیا، جس پر پائلٹ نے اسے بتانے سے انکار کردیا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پائلٹ کے انکار پر سول ایوی ایشن کے ایئر کنٹرولر نے غیرملکی طیارے کو وارننگ دی، جس پر طیارے کو واپس جانا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی فضائی حدود جزوی طور پر بحال، کمرشل فلائٹس تاحال بند

ساتھ ہی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا طیارہ امریکی ٹرانسپورٹ پلان تھا۔

علاوہ ازیں مذکورہ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیرملکی طیارے کی فضائی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے کی اطلاع اعلیٰ حکام کو بھی دے دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں