ثنا میر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے غیرمعینہ مدت تک آرام کا اعلان

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2019
ثنا میر کا کہنا ہے وہ مستقبل کے اہداف طے کریں گی—فائل/فوٹو:اے پی
ثنا میر کا کہنا ہے وہ مستقبل کے اہداف طے کریں گی—فائل/فوٹو:اے پی

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور مشہور آل راؤنڈر ثنا میر نے عالمی کرکٹ سے وقفہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جاری اعلامیے کے مطابق ثنا میر ملائیشیا میں انگلینڈ کے خلاف آئی سی سی ویمنز چمپیئن شپ کے تحت ہونے والی ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کریں گی۔

ثنا میر کا کہنا تھا کہ ‘وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہوں گی کیونکہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے’۔

یہ بھی پڑھیں:ثنا میر نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ان کا کہنا تھا کہ ‘وقفے کے دوران مجھے مستقبل کے مقاصد اور اہداف طے کرنے میں مدد ملے گی’۔

سابق کپتان نے کہا کہ ‘میری نیک خواہشات قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ پاکستان سیریز میں انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا’۔

ثنا میر نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کتنے عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہیں گی۔

یاد رہے کہ ثنا میر نے 2005 میں ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبو کیا تھا جبکہ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ میں 2009 میں کھیلا اور ٹیم کی قیادت بھی کی۔

ثنا میر گزشتہ برس خواتین کی درجہ بندی میں عالمی نمبر ایک باؤلر بن گئی تھیں اور گزشتہ ماہ انہیں 2019 ایشیا سوسائٹی گیم چینجرز ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

نیویارک میں منعقدہ رنگارنگ تقریب میں ان کے علاوہ ایشیائی ممالک کی 6 دیگر خواتین کرکٹرز نے بھی شرکت کی تھی۔

مزید پڑھیں:سابق کپتان ثنا میر ایشیا گیم چینجر ایوارڈ کیلئے منتخب

قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا 9 روزہ تربیتی کیمپ 21 نومبر سے 29 نومبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں ہوگا جس کے بعد 30 نومبر کو ٹیم ملائیشیا روانہ ہوگی۔

ملائیشیا میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین، تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز 9 دسمبر سے 20 دسمبر کے دوران کھیلی جائے گی۔

پی سی بی کے اعلامیے مطابق آئی سی سی ویمنز چمپیئنز شپ کے تحت ان دونوں سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان 27 نومبر کو کیا جائے گا۔

پاکستان ویمنز اور انگلینڈ ویمنز ٹیم کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 9 دسمبر، دوسرا میچ 12 دسمبر اور تیسرا میچ 14 دسمبر کو کنرار اکیڈمی اوول میں کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 17 دسمبر کو کنرارا اکیڈمی میں ہی ہوگا اور بقیہ دونوں میچز 19 دسمبر اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں